Live Updates

پوری قوم کو کئی ماہ سے ہیجان میں مبتلا کیا گیا ‘ سوچی سمجھی سازش کے تحت دھرنوں اور الزام تراشیوں کے بعد پانامہ کا سہارا لیا گیا ‘ ہمارے کروڑوں ووٹرز سازش کی ناکامی پر خدا کے حضور سربسجود ہیں‘ مسلم لیگ (ن) کے کارکن (آج) شکرانے کے نوافل ادا کریں گے ‘ عمران خان خوابوں میں وزیر اعظم بن چکے تھے ‘ وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھنے میں کوئی حرج نہیں مگر دیوانوں جیسی حرکتیں کرنا مناسب نہیںہے ‘ عمران خان نے ایک لمحے کے لئے بھی شفاف الیکشن کے عدالتی فیصلے کو تسلیم نہیں کیا

مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں خواجہ سعد رفیق ،مریم اورنگزیب اور دانیال عزیز کا مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 20 اپریل 2017 22:03

پوری قوم کو کئی ماہ سے ہیجان میں مبتلا کیا گیا ‘ سوچی سمجھی سازش کے ..
,اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اپریل2017ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں خواجہ سعد رفیق ، مریم اورنگزیب اور دانیال عزیز نے کہا ہے کہ پوری قوم کو کئی ماہ سے ہیجان میں مبتلا کیا گیا ‘ سوچی سمجھی سازش کے تحت دھرنوں اور الزام تراشیوں کے بعد پانامہ کا سہارا لیا گیا ‘ ہمارے کروڑوں ووٹرز سازش کی ناکامی پر خدا کے حضور سربسجود ہیں‘ مسلم لیگ (ن) کے کارکن (آج) شکرانے کے نوافل ادا کریں گے ‘ عمران خان خوابوں میں وزیر اعظم بن چکے تھے ‘ وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھنے میں کوئی حرج نہیں مگر دیوانوں جیسی حرکتیں کرنا مناسب نہیںہے ‘ عمران خان نے ایک لمحے کے لئے بھی شفاف الیکشن کے عدالتی فیصلے کو تسلیم نہیں کیا۔

وہ جمعرات کو پانامہ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت کارکن اور سپورٹرز خدا کے شکر گزار ہیں۔ مسلم لیگ (ن) عدالت سے سرخرو ہو کر عوام کے سامنے آئی ہے۔ سازش کرنے والوں کو ایک بارپھر منہ کی کھانی پڑی۔ انہوں نے کہا کہ (آج) جمعہ کے دن کارکن شکرانے کے نوافل ادا کریں گے۔

وزیر اعظم کی مزید کامرانی کیلئے بھی خصوصی دعا ئیں ہوں گی۔ 2013ء کے انتخابات کے بعد عمران خان خوابوں میں و زیر اعظم بن چکے تھے۔ انہوں نے ایک لمحے کے لئے بھی 2013ء کے انتخابات کے نتائج کو قبول نہیں کیا۔ کسی بھی سیاستدان کیلئے وزیر اعظم بننے کی خواہش رکھنا گناہ نہیں ہے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ مجنوانہ حرکتیں کرنے والے اسی شاخ کو کاٹ رہے ہوتے ہیں جس پر وہ بیٹھے ہیں۔

دھرنے کے دوران جو کچھ ہوا عوام سب کو جانتی ہے۔ دھرنے کے دوران و زیر اعظم اور ان کی ٹیم نے انتہائی صبر کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد کا گھیرائو کرنے والے ناکام اور نامراد لوٹے۔ عمران خان دھرنے کے دوران ایمپائر کو آواز یں دیتے رہے مگر ان کی دال نہیں گلی۔ پاکستان کو لاک ڈائون کرنے کی خواہش صرف دشمنوں کی ہی ہو سکتی ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کارکن سڑکوں پر تھے اور لیڈر بنی گالہ میں ورزش کرتے رہے اور درختوں پر چھلانگیں لگاتے رہے۔ شر پسند عناصر کو دکھا دیا کہ ریاست کو طاقت کے بغیر بھی کنٹرول کرنا آتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان سراج الحق اور شیخ رشید نے شاہراہ دستور پر اپنی عدالتیں لگائی ہوئی تھیں۔ کیس کے دوران معزز ججز کے ریمارکس کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جاتا رہا۔

عدالت کو گھیرنے اور دبائو میں لانے کی بہت سی کوششیں کی گئیں۔ مخالفین نے سپریم کورٹ پر برملا اثر انداز ہونے کی کوشش کی مگر عدالت نے عمران خان کی وزیراعظم کو نااہل کرنے کی خواہش مستردکردی ،محمد نوازشریف اور ان کے خاندان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست بھی مسترد ہوگئی ۔وزیرریلوے نے کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے منی لانڈرنگ کا کوئی بھی ثبوت عدالت عظمیٰ میں پیش نہیں کیا جا سکا ،عدالت عظمیٰ سے عمران خان کی ساتوں خواہشات یکسر مسترد ہوگئیں ، جے آئی ٹی بنانے کا حکم مسلم لیگ (ن) کے موقف کی تائید ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مہذب ملکوں میں وزیراعظم اپنے اداروں کے سامنے پیش ہوتے ہیں ،ہمارے لئے یہ کوئی انا کا مسئلہ نہیں ہے ۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آصف زرداری توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں ،ان کا کھا کھا کر پیٹ نہیں بھرتا ،وہ خود عزیر بلوچ کے سوالوں کے جواب ہی دے دیں تو بڑی بات ہے اور کچھ نہیں چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی شوگر ملیں روزبروز بڑھ رہی ہیں ،اتنا پیسہ کہاں سے آرہا ہے ،انہوں نے کراچی کو کچرے کا ڈھیر اور سندھ کے شہروں کو کھنڈر بنا دیا ہے ،کراچی کے اربوں روپے کے فنڈز ان کے محلوں پر خرچ ہوگئے ،وزیراعظم کے سندھ کے دوروں سے پیپلزپارٹی کو کیوں تکلیف ہو رہی ہے ، پی پی والوں نے اپنے دور میں ایک میگاواٹ بجلی نہیں بنائی،آصف زرداری کھانا بند کردو تو سندھ کی حالت خود ہی بہتر ہو جائے گی ۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عدالتی فیصلوں کو نہ مانا جائے تو ریاست جنگل بن جاتی ہے ،عدالت کے فیصلے میں مریم نواز کا کہیں ذکر نہیں ہے ،عمران خان صاحب جھوٹے الزامات لگانے پر مریم نواز سے معافی مانگیں ، عمران خان سدھر جائو جلنے ، کڑنے سے کوئی فائدہ نہیں اور سازشیں بھی بند کردو ،عمران خان بڑے ہو جائو ،الزامات اور گالیوں کی سیاست کا دور اب ختم ہو گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 2018میں مسلم لیگ (ن) پوری قوت کے ساتھ میدان میں اترے گی ، نوازشریف جب بھی آتے ہیں تعمیروترقی کی باتیں کرتے ہیں اور خوشحالی لاتے ہیں ،میاں صاحب کے نام کے ساتھ شریف جبکہ آصف علی کے نام کے ساتھ زر آتا ہے یعنی زراورداری اس کے علاوہ انہیں اور کوئی کام نہیں۔وزیرریلوے نے کہا کہ پانامہ لیکس کے عدالتی فیصلے سے جمہوریت مستحکم ہوئی ہے اور جمہوریت کے خلاف ایک اور سازش ناکام ہوگئی ،خداشیخ رشید ،عمران خان اور سراج الحق کو مثبت کام کرنے کی توفیق دے ، سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی پی ٹی آئی کی بی ٹیم بنتی جا رہی ہے ۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ محمد نوازشریف واحد سیاستدان ہیںجنہوں نے تین نسلوں کا حساب دیا ،عمران خان نے ہمیشہ بہتان تراشی ، گالی اور الزامات کی سیاست کی جبکہ وزیراعظم نے جھوٹے الزامات کا بردباری سے مقابلہ کیا ،عمران خان نے متعدد بار مریم نواز پر جھوٹے الزامات لگائے ،اوئے اور بدتمیزی کی سیاست شروع کی ،خدا کے فضل سے سپریم کورٹ نے تمام جھوٹے الزامات کو مسترد کردیا ۔

انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ وزیراعظم کے موقف کی تائیدہے ، عمران خان نے خیبرپختونخوا کے احتساب کمیشن کو تالا لگا دیا ، عمران کا طرز سیاست مسلم لیگ (ن) کا وطیرہ نہیں ہے ، انہوں نے اقتدار کی حسد میں منتخب وزیراعظم پر الزامات لگائے اور خود خیبرپختونخوا میں ایک بھی قابل ذکر کارنامہ سرانجام نہیں دیا ،انہوں نے اداروں کی تضحیک کی ،انکو اقتدار کے چار سال بعد کے پی میں پنجاب کے بڑے منصوبوں کی نقل کرنے پر مبارکباد دیتے ہیں ۔

وزیرمملکت نے کہا کہ ملک میں انتشار، فساد اور بدامنی کا کریڈیٹ عمران خان کے حصے میں آتا ہے ، فساد ،افراتفری اور الزام تراشی عمران خان کی چار سالہ کارکردگی ہے ،کچھ ٹی وی چینلز دوربینیں لیکر عدالتی فیصلے کو پڑھ رہے ہیں ،وزیراعظم کے پاس مینڈیٹ عوام کی امانت ہے ،وہ استعفیٰ کیوں دیں ،حکومت عوام سے کئے ترقیاتی وعدے پورے کرے گی ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ اپنے گریبان میں جھانکنا عمران خان پر واجب ہو چکا ہے ،خدا ان پر رحم کرے اور انہیںہدایت دے ۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا کہ وزیراعظم کے بچوں کے انٹرویوز کے کچھ حصوں کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جاتا رہا ، عمران خان کو وزیراعظم کی شیروانی پہننے اور تھیٹر لگانے کا بہت شوق ہے ، عوام کوبیوقوف بنانے کا دور ختم ہوچکا ہے ، ہم نے عدالت کے سامنے سر جھکا دیا ہے اور ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کو بھی ملک وقوم کے مفاد میں مثبت انداز میں رپورٹنگ کرنی چاہیے ۔(ن م)
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات