Live Updates

سپریم کورٹ کا بوناٹیکل گارڈن اور نیشنل پارک میں درختوں کی کٹائی روکنے کا حکم،رپورٹ طلب

اختلافی نوٹ ساری دنیا میں آتے ہیں لیکن جتنا شور یہاں مچا ہے کہیں نہیں ہوتا، چیف جسٹس

پیر 24 اپریل 2017 14:03

سپریم کورٹ کا بوناٹیکل گارڈن اور نیشنل پارک میں درختوں کی کٹائی روکنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اپریل2017ء) سپریم کورٹ نے بوناٹیکل گارڈن اور نیشنل پارک میں درختوں کی کٹائی روکنے کا حکم دیتے ہوئے راول ڈیم کے اطراف تجاوزات سے متعلق رپورٹ طلب کرلی،بنی گالہ میں غیرقانونی تعمیرات سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ اختلافی نوٹ ساری دنیا کی عدالتوں میں آتے ہیں لیکن جتنا شور یہاں مچا ہے کہیں بھی نہیں ہوتا،بدقسمتی سے لوگ قانون کو نہیں سمجھتے،قانون کو نہ سمجھنے والے بھی باتیں کرتے ہیں،عدالت کے وقار پر حرف نہیں آنا چاہیے،ادارے قوم کے ہیں ان کا احترام کرنا ہوگا،عمران خان صاحب آپ قوم کے لیڈر ہیں، آپ کا ایک مثبت جملہ تمام معاملات ٹھیک کرسکتا ہے،آپ کا کردار اور سوچ تعمیری ہونی چاہیے،غیر قانونی تعمیرات کا معاملہ اجاگر کرنے پر آپ کے مشکور ہیں،معاملے کی قانونی پوزیشن کا جائزہ لینا ہوگا،ہر لیڈر کو کہتا ہوں قبلہ راست ہوجائیں۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق بنی گالہ میں لینڈ مافیہ اور غیرقانونی تعمیرات سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی،پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان عدالت میں پیش ہوئے،عمران خان نے کہا کہ بنی گالہ میں تیزی سے غیرقانونی تعمیرات ہورہی ہیں،اس کو روکنا ہوگا،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ ہرلیڈرکو کہتا ہوںکہ قبلہ راست ہوجائیں،بدقسمتی سے لوگ قانون کو نہیں سمجھتے،قانون کو نہ سمجھنے والے بھی باتیں کررہے ہیں،عمران خان صاحب آپ قوم کے لیڈر ہیں آپ کا ایک مثبت جملہ تمام معاملات ٹھیک کرسکتا ہے،امید ہے جو کہنا چاہ رہا ہوں وہ آپ سمجھ گئے ہیں،ہم نے سارا معاملہ قانون کے مطابق دیکھنا ہے،غیر قانونی تعمیرات کا معاملہ اجاگر کرنے پر آپ کے مشکور ہیں،معاملے کی قانونی پوزیشن کا جائزہ لینا ہوگا،لیڈر ہونے کے ناطے آپ کی بھی کچھ ذمہ داری ہے،آپ کا کردار اور سوچ تعمیری ہونی چاہیے،اختلافی نوٹ ساری دنیا کی عدالت میں آتے ہیں لیکن جتنا شور یہاں مچا ہے کہیں بھی نہیں ہوتا،عمران خان نے کہا کہ پانامہ کیس تاریخی تھا،پانامہ کیس کی تفصیلی سماعت سے مطمئن ہیں،سماعت کے دوران سی ڈی اے نے اپنا جواب جمع کرایا،جواب میں بتایا گیا کہ انتظامیہ نے بنی گالہ میں تعمیرات پر پابندی لگادی،عدالت نے گارڈن اور نیشنل پارک میں درختوں کی کٹائی سے روکتے ہوئے راول ڈیم کے اطرام تجاوزات سے متعلق رپورٹ طلب کرلی،عدالت نے غیرقانونی تعمیرات کو بھی گیس اور بجلی کے کنکشن فراہم نہ کرنے کا حکم دیا جبکہ عدالت نے سیوریج اور ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق پلان بھی طلب کیا،سی ڈی اے ،اسلام آباد انتظامیہ کو غیرقانونی تعمیرات کی نگرانی کی ہدایت بھی کی گئی،عدالت نے کیس کی سماعت 10مئی تک ملتوی کردی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات