Live Updates

سپریم کورٹ کے فیصلے سے لوگ حکمرانوں کے ظلم کو سمجھ چکے ہیں،عمران خان

پانامہ کیس کے فیصلے پرمٹھائی وزیراعظم کیخلاف اپنی جدوجہد میں سرخرو ہونے پر مانگی، چیئرمین تحریک انصاف ْ عمران خان کی عوام کو 28 اپریل کو اسلام آباد جلسے میں بھر پور شرکت یقینی بنانے کی ہدایت

منگل 25 اپریل 2017 22:31

سپریم کورٹ کے فیصلے سے لوگ حکمرانوں کے ظلم کو سمجھ چکے ہیں،عمران خان
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پرہم نے مٹھائی اسلئے بانٹی کہ ہم پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار احتساب سے بھاگنے والے ایک طاقتور موجود وزیراعظم جس نے پولیس، بیوروکریسی سمیت تمام اداروں پر قبضہ کر رکھا ہے کی تلاشی کیلئے اپنی جدوجہد میں سرخرو ہوئے ہیں ہمارا نکتہ نظر ثابت ہوچکا ہے۔

البتہ نواز لیگ کی طرف سے مٹھائیوں کی تقسیم سمجھ سے بالا تر ہے۔ دو ججز نے کہا ہے کہ نواز شریف بے ایمان جھوٹا اور کرپٹ سیا ست دان ہے تین ججز نے حکمرانوں کی طرف سے پیش کردہ صفائی کو مسترد کیا ہے پانچ ججوں پر مشتمل بنچ نے قطری خط کو یکسر مسترد کرتے ہوئے منی ٹریل، ذرائع آمدنی سمیت تیرہ سوالات کے جوابات مانگے ہیں۔

(جاری ہے)

جس طرح نواز شریف نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا تھا ہم بھی مطالبہ کرتے ہیںکہ نواز شریف مستعفی ہوجائیں۔

عمران خان نے عوام کو 28 اپریل2017 کو اسلام آباد جلسے میں بھر پور شرکت یقینی بنانے کا کہتے ہوئے کہا کہ ہم شعور کی بیداری کا مہم جاری رکھیں گے امید ہے تحقیقاتی ادارے میرٹ پر تحقیق یقینی بنائینگے۔ نواز شریف معصوم شکل بنا کر عوام کے سامنے آ جاتا ہے حالانکہ اندر سے بہت بڑا مافیا ہے۔ وہ کسی کو بھی خرید سکتا ہے۔ وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کر رہے تھے۔

عمران خان نے کہا کہ جمعہ کا جلسہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے پرویز خٹک کی سربراہی میں 31اکتوبر 2016کو جس جوش اور ولولے کا مظاہرہ کیا تھا اسی طرح آئندہ جمعہ کو اسلام آباد کے جلسے میں بھی شرکت یقینی بنائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ پرویز خٹک کی سربراہی میں خیبر پختونخوا کے با شعور نوجوانوں کی جدوجہد کی وجہ سے راستہ ہموار ہوا تھا جس پر ملک میں ایک نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے۔

یہ نئے پاکستان کی جنگ ہے۔ دو مہینوں کی بات ہے۔ نواز شریف اور اسکے حواری اپنی کرپشن چھپانے میں مصروف ہیں اور ہم اس کرپشن کو بے نقاب کرکے کرپٹ سیاستدانوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے تگ و دو کر رہے ہیں۔جو ادارے تحقیقات کر رہے ہیں وہ حکمرانوں کے نیچے ہیں پھر بھی ہم شفاف تحقیقات کی امید رکھتے ہیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے سے لوگ حکمرانوں کے ظلم کو سمجھ چکے ہیں۔

قطری خط نے نواز شریف کے دفاع کو ختم کر دیا ہے۔ کیونکہ یہ سب کچھ قطری خط میں ڈال رہے تھے۔ قطری زیرو ہوا تو یہ بھی زیرہ ہو گئے۔عمران خان نے کہا کہ ہمیں کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف اس جنگ کو منطقی انجام تک لے جانا ہے جس کے لئے عوام کو چوکنا رہنا ہو گا۔ہم بال کو ڈی تک لے گئے ہیں اب عوام نے اسے حتمی کامیابی میں بدلنا ہے۔عمران خان نے اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کی 21ویں سالگرہ پر پارٹی قائدین اور کارکنان کو مبارکباد دی اور نئے پاکستان کے لئے طویل جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات