پشاور،ارباب عامر ایوب نے خاندان اورساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت اختیارکرلی

ہفتہ 27 مئی 2017 00:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان میرا کچوری پشاور میں سابق ٹائون ناظم ارباب عامر ایوب کے گھر گئے جہاں انہوںنے ارباب عامر ایوب کو پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور اُن کا شکریہ ادا کیا ۔صوبائی وزراء شاہ فرمان اور اشتیاق ارمڑ بھی اُن کے ہمراہ تھے جبکہ ناظم یونین کونسل لیاقت خان ، شوکت خان اور کارکنان کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی ۔

معروف سیاسی شخصیت سابق وزیر دفاع ارباب ظاہر مرحوم کے بھائی ارباب عامر ایوب نے اپنے خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ارباب عامر ایوب کی اپنے خاندان اور احباب سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقد م کیااور اُن کو مبارکباد دی ۔

انہوںنے کہاکہ نوجوان پاکستان تحریک انصاف کا اثاثہ ہیں انہوںنے باشعور نوجوانوں کو ہمیشہ سے تحریک انصاف میں ترجیح دی ہے ۔ ارباب عامر ایوب نے تحریک انصاف پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی والہانہ قیادت اور تحریک انصاف کے تبدیلی کے وژن اور صوبائی حکومت کی کارکردگی سے متاثر ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے اوروہ تبدیلی کے اس عمل میں ہر ممکن جدوجہد کرنے کی کوشش کریں گے ۔