سڑک پر رفتار کی حد کے انتباہ کیلئے دبئی کا نیا تجربہ

سڑکوں پر رفتار کی مقررہ حد تبدیل کر دیے جانے کی نشان دہی کے واسطے سرخ رنگ استعمال کیا جا رہا ہے

ہفتہ 10 جون 2017 16:42

سڑک پر رفتار کی حد کے انتباہ کیلئے دبئی کا نیا تجربہ
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2017ء) دبئی میں روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی(آرٹی ای) نے ایک نئے تجربے پر عمل درآمد شروع کیا ہے۔ اس کے تحت سڑکوں پر رفتار کی مقررہ حد تبدیل کر دیے جانے کی نشان دہی کے واسطے سرخ رنگ استعمال کیا جا رہا ہے۔اماراتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بوکدرہ انٹرچینج کے نزدیک شاہراہ عود میثاء پر سرخ رنگ کیا جا چکا ہے جہاں رفتار کی حد 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دی گئی ہے۔

روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی میں ٹریفک ادارے کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر انجینئر میثاء بن عدی نے واضح کیا ہے کہ ابتدائی طور پر اس تجربے کا اطلاق شاہراہ عود میثاء پر کیا گیا ہی.. بعد ازاں دبئی کی دیگر شاہرائوں کو بھی اس منصوبے میں شامل کیا جائے گا تا کہ گاڑی چلانے والوں کو رفتار کی حد سے تجاوز کرنے سے روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام سڑکوں کا استعمال کرنیوالوں کی سلامتی کے واسطے کیا جا رہا ہے تا کہ وہ ٹریفک اصولوں کی خلاف ورزی اور ٹریفک حادثات سے محفوظ رہیں.. اس سلسلے میں شاہرائوں پر گاڑیوں کی لین پر سرخ رنگ کرنے کے بعد ان پر رفتار کی حد بھی لکھ دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ انتباہی بورڈز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔میثاء کے مطابق اگلے مرحلے میں فِفتھ انٹرچینچ کے نزدیک شارع الشیخ الزاید اور پھر جبل علی اور لہباب کے درمیان شاہراہ پر اس منصوبے پر عمل درامد کیا جائیگا۔ دونوں سڑکوں پر رفتار کی حد 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ایک سروے کے ذریعے گاڑی چلانے والوں پر اس تجربے کے اثرات کا جائزہ لیا جائیگا۔ امید ہے کہ یہ تجویز رفتار کی مقررہ حد کی پابندی کرنے اور ممکنہ حادثات کے وقوع میں کمی کا بڑی حد تک ذریعہ بنے گی۔

متعلقہ عنوان :