ہزارہ یونیورسٹی کی چک بال ٹیم ورلڈ مقابلوں میں حصہ لینے کیلئے 27 جولائی کو ملائیشیا روانہ ہو گی

پیر 12 جون 2017 14:26

ہزارہ یونیورسٹی کی چک بال ٹیم ورلڈ مقابلوں میں حصہ لینے کیلئے 27 جولائی ..
مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2017ء) ہزارہ یونیورسٹی کی چک بال ٹیم ورلڈ مقابلوں میں حصہ لینے کیلئے 27 جولائی کو ملائیشیا روانہ ہو گی۔ چیمپئن شپ میں پاکستان کے علاوہ تائیوان، ہانگ کانگ، چین، سنگاپور، فلپائن، ملائیشیا، برطانیہ، میکسیکو اور کولمبیا کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ کوچ تمریز خان کے مطابق انٹر یونیورسٹی ورلڈ چیمپئن شپ 27 جولائی سے ملائیشیا میں شروع ہو رہی ہے جس میں ہزارہ یونیورسٹی کا 12 رکنی دستہ ٹیم منیجر، ڈائریکٹر سپورٹس ہزارہ یونیورسٹی محمد اقبال کی نگرانی میں 27 جولائی کو لاہور سے ملائیشیا کیلئے روانہ ہو گی ۔

اس سلسلہ میں ٹیم کا دس روزہ ٹریننگ کیمپ ہزارہ یونیورسٹی میں 15 جولائی سے 25 جولائی تک لگایا جائے گا۔ ٹریننگ کیمپ کی نگرانی انٹرنیشنل کوچ فیصل اسد اور ہزارہ یونیورسٹی کے کوچ تمریز خان کریں گے۔

(جاری ہے)

کھلاڑیوں کو صبح و شام ٹریننگ دی جا رہی ہے تاکہ ٹیم ورلڈ مقابلوں میں عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کر سکے۔ تمریز خان نے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی کی ٹیم نے کم وقت میں نیشنل سطح کے ایونٹ جیت کر پورے پاکستان میں ہلچل مچا دی ہے، اس وقت یہ ٹیم پاکستان میں نمبر ون پوزیشن پر ہے اور آئندہ بھی بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ چیمپئن شپ جیت کر ہزارہ یونیورسٹی کو تحفہ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ الله تعالیٰ نے ہمیں ورلڈ میں جوہر دکھانے کے مواقع فراہم کئے ہیں، ہم محنت کریں گے اور اپنی یونیورسٹی اور پاکستان کا جھنڈا ملائیشیا میں بلند کریں گے۔