برطانیہ ،گرینفل ٹاورمیں آتشزدگی سے 58 ہلاکتوں کا خدشہ

اب تک مصدقہ ہلاکتوں کی تعداد 30 ہے ، 16 لاشیں برآمد کرکے برف خانے منتقل کردی گئی ہیں،پولیس چیف

اتوار 18 جون 2017 14:30

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2017ء) برطانیہ کے دارالحکومت لند ن میں گرینفل ٹاورمیں آتشزدگی سی58افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیاگیا ہے ۔برطانوی میڈیا کے مطابق لندن پولیس کے چیف اسٹورٹ کونڈی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گرینفل ٹاور پر لگنے والی آگ کے نتیجے میں 58 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔اسٹورٹ کونڈی کا کہنا تھا کہ 'ہم نے یہ تعین کرنے کی جاں توڑ کوشش کی کہ گرینفل ٹاور میں اس وقت کتنے افراد موجود تھے اور ہم تاحال یہ کہنے سے قاصر ہیں کہ وہ محفوظ ہیں یا وہ کس حال میں ہیں۔

انھوں نے صحیح تعداد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'ہمیں بتایا گیا ہے کہ اس رات ٹاور میں موجود 58 افراد جو بدقسمتی سے لاپتہ ہیں اور میرااندازہ ہے کہ وہ ہلاک ہوگئے ہیں۔پولیس چیف کا کہنا تھا کہ اب تک مصدقہ ہلاکتوں کی تعداد 30 ہے اور 16 لاشیں برآمد کرکے برف خانے منتقل کردی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ 'ہماری توجہ ان لوگوں پر ہے جن کے حوالے سے ہمیں معلوم ہے کہ وہ ٹاور میں موجود تھے لیکن دیگر لوگ بھی اس رات وہاں آئے ہوں جس سے دوسرے لوگ بے خبر ہوں۔

انھوں نے کہا کہ 'ہم اس معاملے کی کریمنل حوالے سے بھی تفتیش کررہے ہیں اور تفتیش سے واضح ہوگا کہ آیا اس میں کوئی جرائم کا عنصر شامل تھا یا نہیں۔لندن کے گرینفل ٹاور میں 58 ہلاکتوں کی تصدیق ہوتی ہے تو یہ جنگ عظیم دوم کے بعد لندن میں سب سے بڑا خونی واقعہ ریکارڈ ہوگا۔یاد رہے کہ تین روز قبل مغربی لندن کے علاقے میں واقع رہائشی عمارت میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جہاں ہلاکتوں کی تعداد مختلف بتائی جارہی تھیں جبکہ اطلاعات کے مطابق 120 رہائشی فلیٹس میں 600 سی800 افراد رہائش پذیر تھے۔

متعلقہ عنوان :