ہزارہ یونیورسٹی کے منیجمنٹ سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام سوشل سائنسز کی تحقیقی سرگرمیوں سے متعلق سیمینار

پیر 3 جولائی 2017 16:55

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2017ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے منیجمنٹ سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام سوشل سائنسز کی تحقیقی سرگرمیوں کے بارے میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کے ریسورس پرسن ملک کے معروف تحقیق کار ڈاکٹر محمد تنویر عبدالله تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر سوشل سائنسز کے شعبہ جات میں ریسرچ کے طریقہ کار اور اس کی مختلف جہتوں میں بڑی تبدیلیاں واقع ہوئی ہیں اور تحقیقی و سماجی سطح پر ترقی یافتہ ممالک کے محققین نے اپنی ریسرچ کو جدید طریقوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے معاشرتی سائنس کے علوم میں جدت پیدا کر لی ہے۔

ڈاکٹر تنویر عبد الله نے کہا کہ پاکستانی یونیورسٹیوں کے سوشل سائنسز کے شعبہ جات کو ملک و قوم اور معاشرے کی فلاح اور بہتری کیلئے اپنی ریسرچ میں جدت لانا ہو گی تاکہ عصر حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے ملک کو درپیش مسائل سے نکالا جا سکے۔ سیمینار میں منیجمنٹ سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عبد الماجد کے علاوہ سوشل سائنسز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ، ریسرچ سکالرز اور طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔