اوپن یونیورسٹی آئندہ سال اساتذہ کے تدریسی معیارات کو اپ گریڈ کرنے کے لئے سرٹیفکیٹ اور پوسٹ گریجوایٹ ڈپلومہ کورسز کا آغاز کرے گی

جمعہ 14 جولائی 2017 20:23

اوپن یونیورسٹی آئندہ سال اساتذہ کے تدریسی معیارات کو اپ گریڈ کرنے کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2017ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کے لئے آئندہ سال غیر رسمی طرز پر اساتذہ کے تدریسی معیارات کو اپ گریڈ کرنے کے لئے سرٹیفیکیٹ اور پوسٹ گریجوایٹ ڈپلومہ کورسز کا آغاز کرے گی۔ ان کورسز کے اہداف اور مواد کو اس سال کے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے جمعہ کو یہاں غیر رسمی تعلیم کے موضوع پر قومی سیمینار کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے نئے اکیڈمک پروگرامز متعارف کرا کر کمیونٹی ویلفیئر کے نکتہ نظر کو اپنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کورسز معمول کی فیس کی بنیاد پر پیش کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی طرح میگا پبلک سیکٹر اداروں پر یقین رکھتے ہیں اور تجارتی بنیادوں پر امور چلانے سے قطع نظر معاشرے کے مفاد پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔

وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی نے تعلیمی دائرہ کار کو ملک کے کونے کونے تک وسعت دی۔ انہوں نے کہا کہ غیر رسمی نظام تعلیم ناخواندگی کے مسائل پر قابو پانے کے لئے بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کے تعلیمی اغراض و مقاصد پر پریزنٹیشن دیتے ہوئے مزید کہا کہ وہ پیشہ ورانہ ترقی اور تحقیق کی بنیاد پر سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ کورسز کا مقصد غیر رسمی نظام تعلیم سے منسلک اساتذہ کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔