آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کوئٹہ گیریژن کا دورہ

افسروں اور جوانوں سے ملاقات ،عزم کو سراہا ، آرمی چیف کو صوبے کی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ، آئی ایس پی آر پاک فوج عوام کی ہے ،آپریشن رد الفساد کے باعث بلوچستان میں دہشتگردی کم ہوئی، آرمی چیف

جمعہ 14 جولائی 2017 23:12

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کوئٹہ گیریژن کا دورہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2017ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ آپریشن رد الفساد کے باعث بلوچستان میں دہشتگردی کم ہوئی۔ پاک فوج عوام کی ہے، بلوچستان کے حالات پر خصوصی نظر ہے دہشتگرد خوف زدہ ہو کر آسان ہدف کو نشانہ بنا رہا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کے روز کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف کو صوبے کی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

کور کمانڈر کوئٹہ اور ایف سی نے آرمی چیف کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور ان کے عزم کو سراہا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان پر میری خصوصی توجہ ہے۔ ہر حال میں بلوچستان کے عوام کو خوشحالی اور امن دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپریشن رد الفساد کے تحت بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ دہشتگرد اب اسان ہدف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ دہشتگرد خوف زدہ ہو کر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کرتے ہیں آرمی چیف نے کہا کہ فراری ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہو رہے ہیں جو کہ ملک و قوم کے لئے خوش آئند ہے۔