پیپلزپارٹی نے نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کردیا

ہم پرکرپشن کے الزامات لگتے ہیں تو فوری ای سی ایل میں نام ڈال دیاجاتاہے،نوازشریف سے رابطہ نہیں کریں گے،خیبرپختونخواہ اور پنجاب میں عوامی جلسے کروں گا۔چیئرمین پیپلزپارٹی کی سپریم کورٹ کے فیصلے پرپریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 28 جولائی 2017 18:00

پیپلزپارٹی نے نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کردیا
کراچی(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2017ء ) : پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرادری نے مطالبہ کیاہے کہ نوازشریف کانام ای سی ایل میں ڈالاجائے،ہم پرالزامات لگتے ہیں تو فوری ای سی ایل میں نام ڈال دیے جاتے ہیں،خیبرپختونخواہ اور پنجاب میں عوامی جلسے کروں گا۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے پرپریس کانفرنس میں اظہارمسرت کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی احتساب کے عمل پرپورایقین رکھتی ہے۔

پیپلزپارٹی ملک میں ہر کسی کااحتساب چاہتی ہے۔ آرٹیکل 62،63 پربھی ہمارا مئوقف واضح ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جمہوریت کیلئے آج ایک اہم دن ہے۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی حمایت کی ہے۔ پیپلزپارٹی چاہتی ہے اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں ۔انہوں نے کہاکہ بی بی نے کہاتھا نوازشریف ایک دن مجھے یادکرکے روئیں گے۔انہوں نے کہاکہ پاناما کیس کے معاملے کوسب سے پہلے پیپلزپارٹی نے اٹھایا۔

تاہم کیس کافائدہ کسی ایک شخص کونہیں بلکہ ملک کوجاتاہے۔ پاناما کیس پر ہماری اسٹریٹجی مختلف تھی۔ بلاول نے کہاکہ ہم نوازشریف سے نااہلی کے بعدا ب رابطہ نہیں کریں گے۔  نااہلی کے فیصلے بعد نواز شریف سے رابطے کے امکان کو انہوں نے یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی وزارت عظمیٰ کیلئے اپنا امیدوار سامنے لائے گی۔