مہاجر قومی موومنٹ کی جشن آزادی کی تقریبات میں عوام کی بھرپور شرکت

مہاجر قوم آج اسی اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کررہی ہے جسکی تلقین قائد اعظم نے کی، سیکرٹری اطلاعات خالد حمید عوام کی بھرپور شرکت تقسیم کا خواب دیکھنے والوں کیلئے جواب ہے،پاکستان ہمارے بزرگوں نے بنایا، تخلیق کا تحفظ خالق کی نسلوں سے بہت کوئی نہیں کرسکتا

پیر 14 اگست 2017 21:37

مہاجر قومی موومنٹ کی جشن آزادی کی تقریبات میں عوام کی بھرپور شرکت
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2017ء) مہاجر قومی موومنٹ ( پاکستان ) کی جانب سے لانڈھی ، کورنگی ، ملیر ، شاہ فیصل، لائنزایریا، گلشن اقبال گلستان جوہر ، نارتھ ناظم آباد اور لیاقت آباد سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں پرچم کشائی ،آتشبازی اور کیک کاٹنے کی تقریبات ہوئیں جس میں کارکنان اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اراکین مرکزی کمیٹی نے مختلف مقامات پر ہونے والی تقریبات میں شرکت کی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرکزی سیکریٹری اطلاعات خالد حمید نے کہا کہ آج کا دن رنگ اور نسل کے بھید بھائو بھلا کر خوشیاں منانے کا ہے اور مہاجر قومی موومنٹ کی تقریبات میں مہاجر عوام کی بھرپور شرکت ان لوگوں کیلئے پیغام ہے جو قوم کو تقسیم کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

مہا جر قوم ایک ہے اور چیئرمین آفاق احمد کی قیادت میں شہر کو ایک بار پھر خوشیوں کا گہوارہ بنانے کیلئے پرعزم ہے ۔

خالد حمید نے کہا گذشتہ دو دہائیوں میں کراچی کا چہرہ جن لوگوں نے مسخ کیا اسکا حساب مہاجر ہی بے باق کررہے ہیں ، 14اگست یوم آزادی ہے اور ہمیشہ رہے گا ،یوم سیاہ سمجھنے والوں کو عوام نے خوشیاں منا کر موثر جواب دیا ہے۔ خالد حمید نے کہا کہ پاکستانی قوم کو مردہ پرست ہونے کا طعنہ دینے والوں کو چاہئے کہ وہ کراچی آکر دیکھیں ،یہاں کی عوام ناصرف اپنے محسنوں کو یاد رکھتے ہیں بلکہ اسی اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کررہے ہیں جسکی تلقین قائد اعظم نے کی اور جس کی بنیاد پر مملکت خداداد پاکستان حاصل کیا گیا تھا ، آج کی رنگ و نور اور خوشیوں بھری تقریبات کا کریڈٹ ہر اس شخص کو جاتا ہے جس نے اپنے اختلافات کو پس پشت ڈالتے ہوئے ایک دوسرے کا ہاتھ تھاما ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں ،چھوٹے موٹے اختلافات ہر جگہ ہوتے ہیں لیکن اسکا یہ مطلب نہیں کہ ملک کے خلاف سوچا جائے، جو لوگ ایسا سوچتے ہیں انکا مہاجر قوم سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ یہ ارض پاک ہمارے بزرگوں نے بنایا اور تخلیق کا تحفظ خالق کی نسلیں کرتی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :