سوشل میڈیا پر پاکستان کے حق میں پوسٹ کرنے پر بھارتی نوجوان گرفتار

بھارتی ریاست بہار کے رہائشی دلنواز عالم نے فیس بک پر پاکستان سے متعلق مواد پوسٹ کیا جس کی شکایت محلے والوں نے پولیس سے کر دی،پولیس شکایت موصول ہونے کے بعد دلنواز کو تھانے لے گئی

پیر 14 اگست 2017 23:03

سوشل میڈیا پر پاکستان کے حق میں پوسٹ کرنے پر بھارتی نوجوان گرفتار
بہار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 اگست2017ء) بھارتی پولیس نے 22 سالہ مسلم نوجوان کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پاکستان سے متعلق مواد پوسٹ کرنے پر حراست میں لے لیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست بہار کے رہائشی دلنواز عالم نے فیس بک پر پاکستان سے متعلق مواد پوسٹ کیا جس کی شکایت محلے والوں نے پولیس سے کر دی۔ پولیس شکایت موصول ہونے کے بعد دلنواز کو تھانے لے گئی۔

اطلاعات کے مطابق دلنواز نے فیس بک پر سابق پاکستانی وزیراعظم نواز شریف اور دیگر شخصیات کے ساتھ اپنی تصاویر اپ لوڈ کی تھیں۔پولیس نے دلنواز کی اصلاح کے لیے اسے انوکھی سزا دی، پہلے اسے قومی ترانہ پڑھنے کے لیے کہا گیا اور پھر اسے پولیس اسٹیشن کی صفائی کا کام سونپا گیا، مسلم نوجوان کو 15 اگست کی تیاریوں میں ہاتھ بٹانے کی بھی سزا دی گئی۔

(جاری ہے)

دلنواز کی گرفتاری کا سن کر اس کا باپ بھی پولیس اسٹیشن پہنچ گیا جس نے اپنے بیٹے کی طرف سے معذرت کی اور یہ وعدہ بھی کیا کہ آئندہ وہ اس طرح کی سرگرمی میں ملوث نہیں ہو گا۔بہار پولیس کے ایس پی شیوہر نے بتایا کہ دلنواز عالم کو غیر ریاستی سرگرمی میں ملوث ہونے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تاہم اس نے وعدہ کیا ہے کہ وہ آئندہ ایسا نہیں کرے گا جس کے بعد اسے یہ کہا گیا کہ وہ جشن آزادی کی تیاریوں میں مدد کرکے اپنی حب الوطنی کا ثبوت دے۔