جمعیت علماء اسلام کی ضلعی مجلس شوریٰ کا اجلاس، شہر میں پانی کے مسئلہ پر گرینڈ جرگہ بلانے کا فیصلہ

منگل 15 اگست 2017 22:40

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2017ء) جمعیت علماء اسلام کی ضلعی مجلس شوریٰ کا اہم اجلاس مدرسہ امدادیہ ڈب نمبر 2 مانسہرہ میں ضلعی امیر سابق سینیٹر مولانا سید ہدایت الله شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ملک نوید ممبر ضلع کونسل نے ملک سہراب کی وفات پر فاتحہ خوانی کروائی۔ جمعیت علماء اسلام ملک سہراب کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مانسہرہ میں پانی کے مسئلہ کو خصوصی طور پر حل کرنے پر ایک گرینڈ جرگہ بلایا جائے گا، مانسہرہ لاوارث ہو چکا ہے، مانسہرہ کی عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہی ہے۔ اجلاس سے مولانا سید ہدایت شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام عوامی مسائل پر کبھی خاموش نہیں رہے گی، مانسہرہ شہر پانی جیسی نعمت سے محروم ہے، ہمارے پاس پانی کے مسئلہ پر مانسہرہ شہر سے وفد آ رہے ہیں اور پانی نہ ہونے کی وجہ سے پریشان ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندے اس وقت تک مانسہرہ میں کوئی میگا پراجیکٹ نہیں لا سکے اور مانسہرہ کی عوام پر 30 سال تک مسلط رہنے والے وقت گذار رہے ہیں، مانسہرہ شہر پانی کے مسئلہ کو اجاگر کرنے کیلئے مانسہرہ میں ایک گرینڈ جرگہ منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں انجمن تاجران، صحافی برادری، وکلا برادری، سول سوسائٹی کے نمائندوں کا ایک اہم جرگہ ہو گا جس میں مانسہرہ شہر میں پانی، قبرستان، بچوں کیلئے کھیل کا میدان، تفریح پارک نہیں ہے اور ہمارے بچے منفی سرگرمیوں کی طرف جا رہے ہیں، ہماری ہسپتال زلزلہ میں تباہ ہوئے جس پر ایم ایم اے کے دور میں کام شروع ہو، ایم ایم اے کی حکومت ختم ہونے کے بعد ہمارے منتخب نمائند ے اس ہسپتال کی تعمیر مکمل نہیں کروا سکے، یہ مانسہرہ کی عوام کی بدقسمتی ہے کہ آج 12 سال مکمل ہو چکے ہیں کنگ عبدالله ہسپتال کی تعمیر مکمل نہیں ہو سکی، یہ ایک بہت بڑا المیہ ہے کہ ہسپتال میں 25 مریض داخل ہو جائیں تو ان کے بعد دوسرے مریض کیلئے بیڈ تک میسر نہیں ہوتا اور ان مریضوں کو ایبٹ آباد کی طرف ریفر کر دیا جاتا ہے اور وہاں تک جاتے جاتے مریض راستہ میں ہی دم توڑ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام اپنے حقوق کیلئے میدان میں آئے اور ہمارا ساتھ دے، انشاء الله مانسہرہ کی عوام کو ان مسائل سے نجات دلائیں گے۔

متعلقہ عنوان :