لیاری میں جماعت اسلامی کا جشن پاکستان فیملی فیسٹیول ،ہزاروں افرادنے ایک ساتھ قومی ترانہ پڑھا

امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی سید عبدالرشید نے پرچم کشائی کی اور پاکستان کی تعمیر وترقی کیلئے دعائیں مانگی

بدھ 16 اگست 2017 19:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2017ء) جماعت اسلامی لیاری پی ایس 109 کے تحت عید گاہ پارک بہارکالونی میںجشن پاکستان فیملی فیسٹول کا انعقاد کیا گیا ،فیملی فیسٹیول میں ہزاروں کی تعداد میں مرد وخواتین اور بچے شریک ہوئے ،اس موقع پر شرکائ سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی سید عبدالرشید نے کہاکہ دوقومی نظریہ کی بنیاد پر قائد اعظم محمد علی جناح ? کی قیادت میں ایک خطہ زمین پاکستان کے نام سے وجود میں آیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اس مقصد کے تحت وجود میں آیا کہ یہاں اسلامی احکام پر عمل کرنے کی آزادی حاصل ہوگی۔۔بدقسمتی سے جاگیرداروں ،وڈیروں اور کرپٹ سیاستدانوں نے قوم کو تقسیم کردیا ،عوام میں ناانصافی ، محرومیاں پھیلائی گئیں جس کے باعث ہم سے ہمارا مشرقی بازو مشرقی پاکستان الگ ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی بقاء صرف ایک کلمہ کی بنیاد پر ہی قائم ہوسکتی ہے اس ملک میں تعمیر و ترقی دنیا کی سب سے بڑی طاقت اسلام ہی لاسکتا ہے ،انہوں نے کہا کہ آئیے آج جشن یوم آزادی کے موقع پر عزم کریں کہ اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کی طرف سفر کریں گے بے حیائی ، منکرات اور کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔

بچے ملک کے مستقبل کے معمار ہیں بچوں کے روشن مستقبل کے لیے جدوجہد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک پاکستان میں بے پناہ وسائل موجود ہیں اسلامی نظا م نہ ہونے کی وجہ سے عوام کی تمناؤں و آرزؤں کا خون کیا جارہا ہے ،ملک میں طبقاتی نظام رائج ہے۔ آج تحریک آزادی کے مقصد کو تیز کرنے کی ضرورت ہے ایک واحد جماعت اسلامی ہی امت کے ماتھے کاجھومر ہے جوعلامہ اقبال کے خواب کو حقیقت میں بدل سکتی ہے۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لیاری ابو ارحم سید نے کہاکہ جماعت اسلامی لیاری کے نوجوانوں کو علم روشنی اور ترقی کی طرف جائیگی۔انہوں نے کہاکہ لیاری کے نواجوان جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم پر اکھٹے ہوکر لیاری کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جاگے گا جوان بدلے گا پاکستان کے سلوگن کو ایک ایک نوجوان تک پہنچانا ہے اگر نوجوان جاگ گئے تو ملک میں حقیقی تبدیلی ممکن ہے۔

اور حقیقی تبدیلی خوشحال اور اسلامی پاکستان کے قیام میں ہے۔تقریب سے خطاب میں چئیرمین ڈی ایم سی ملک فیاض نے جماعت اسلامی لیاری کو شاندار فیملی فیسٹیول پر مبارکباد پیش کی انہوں نے کہاکہ لیاری کی تعمیر وترقی اور نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے جماعت اسلامی کی کاوشیں قابل تحسین ہیں اور بحیثیت چئیرمین انکا تعاون جماعت اسلامی کیساتھ رہیگا۔

فیسٹیول میں بہارکالونی لیاری سے تعلق رکھنے والے ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ سری لنکا کے گولڈ میڈلسٹ فاتح شہباز خان نے بھی شرکت کی جن کا عوام کا زبردست استقبال کیا۔اور اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔۔تقریب میں چئیرمین یوسی سنگولین حبیب حسن ،وائس چیئرمین یوسی موسیٰ لین فرحان ہنگورو،سابق یوسی ناظم بہارکالونی جان محمد،وویمن کونسلر ڈی ایم سی سا?تھ ناذیہ عبدالودود،چئیر مین جسٹس ہیلپ لائن ندیم شیخ ایڈووکیٹ،،جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی لیاری جمیل شیخ ،اسسٹنٹ جنرل سیکریٹری ابوبکر بلوچ، عبدالحسیب بلوچ،ناظم علاقہ بہارکالونی ایم بی طاہر نے بھی شرکت کی۔

فیسٹول میں ٹیبلوز،تقریری وملی نغمے مقابلے ،میجک شو ،کراٹے شواور نیلام گھر کیا گیا۔ فیسٹیول کے شرکاء کو گفٹ ہیمپرز بھی دیے گئے۔ جشن پاکستان فیملی فیسٹیول میں ہزاروں افرادنے ایک ساتھ قومی ترانہ پڑھا۔ امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی سید عبدالرشید نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور پاکستان کی تعمیر وترقی کیلئے دعائیں مانگی تقریب کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیاگیا۔