حلقہ این اے 120کے جماعت اسلامی کے رہنماء ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ الیکشن لڑیں گے، لیاقت بلوچ

جمعرات 17 اگست 2017 23:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے مرکزی پارلیمانی بورڈ نے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 120کے جماعت اسلامی کے رہنماء ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ الیکشن لڑیں گے ۔ضیاء الدین انصاری کے کاغذات جمع کروائے گئے تھے جوکہ آج منظور ہو گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے یکم مارچ 2016ء کو کرپشن فری پاکستان تحریک شروع کی تھی ۔ وزیراعظیم نواز شریف کی نااہلی سے کرپشن کے خلاف ہماری تحریک کو تقویت ملی ہے ۔ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ احتساب سب کا ہونا چاہیے ۔دبئی لیکس اور پانامہ لیکس میںشامل دیگر افراد کا بھی احتساب ہونا چاہیے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پریس کلب لاہور میں امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد ،امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد ، ضیاء الدین انصاری ، امیرالعظیم ، اظہر اقبال حسن ، چوہدری محمودا لاحداور دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ 1996ء میں سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین مرحوم نے کرپشن کے خلاف تاریخی دھرنا دیا تھا ہم آج بھی کرپشن فری پاکستان تحریک چلا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ این اے 120سے نااہل ہونے والے سابق ویر اعظیم نواز شریف نے اقتدار میں آکر عوام کے حقیقی مسائل پر توجہ نہیں دی انہیں نے صرف میگا پروجیکٹس پر اپنے مفادات کے لیے کام کیا اور مسلم لیگ ن کی حکومت کی پالیسیوں سے غریب عوام کی زندگی اجیرن بن گئی ہے اور این اے 120کے جن ووٹرز نے نواز شریف کو ووٹ دیئے تھے ان کو بھی نظر انداز کر دیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں جماعت اسلامی این اے 120میں الیکشن جیتتی رہی ہے اور ہمارے نمائندے حافظ سلمان بٹ اور سید اسعدگیلانی اسی حلقہ سے ایم این اے رہ چکے ہیں اب بھی جماعت اسلامی نے ضیاء الدین انصاری جو کہ اس حلقے کے حقیقی عوامی نمائندے ہیں جنہیں الیکشن کے میدان میں اُتارا ہے انشاء اللہ ہم این اے 120کے ایک ایک گھر تک جائیں گے اور ووٹرز کو امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا پیغام پہنچائیں گے ۔

ہم نے انتخابی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے این ای120کے 10سیکٹرز بنا دیئے ہیں انشاء اللہ ہم بھر پور انداز میں اپنی انتخابی مہم چلائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ضیاء الدین انصاری نے وکلاء سیاست کے میں بھی بھر پور کردار ادا کیا ہے اور وہ حلقہ این اے 120اور لاہور شہر میں شرافت ، دیانت اور اچھے کردار کے حوالے سے اپنی شناخت رکھتے ہیں ۔