سینٹ الیکشن تک واپس نہ آئیں،لیگی رہنماؤں کا نواز شریف کو مشورہ

کلثوم نواز کو وزیراعظم بنانے کی تجویز زیر غور نہیں،شریف فیملی عدالت میں پیش نہیں ہو گی

بدھ 20 ستمبر 2017 14:39

سینٹ الیکشن تک واپس نہ آئیں،لیگی رہنماؤں کا نواز شریف کو مشورہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20ستمبر2017ء ) : مسلم لیگ کے سابق وزیر اعظم کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سینٹ کے الیکشن تک بیرون ملک ہی قیام کریں ،بیگم کلثوم نواز صحت یاب ہونے کے بعد ہی ممبر قومی اسمبلی کا حلف اٹھائیں گی ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن میں نواز شریف کی سربراہی میں ہونے والے مسلم لیگی اکابرین کے مشاورتی اجلاس میں نواز شریف کو تجویز دی گئی ہے کہ حالات کے مطابق خاموشی اختیار کی جائے اور سینٹ کے الیکشن تک انتظار کیا جائے اور اس وقت تک سسٹم کو نہ چھیڑا جائے۔

نواز شریف نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو ہدایت دی ہے کہ ملک کو دسمبر تک لوڈ شیڈنگ فری قرار دیا جائے اور تمام تر ترقیاتی منصوبے جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے تاکہ تمام منصوبے مارچ تک مکمل ہو جائیں ۔ ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز کو وزیراعظم بنانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے ، شاہد حاقان عباسی ہی وزیراعظم رہیں گے ،مشاورتی اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف کی فیملی نیب کیس میں پیش نہیں ہو گی ۔