فیصل آباد،پاکستان میں ہارٹیکلچرل کراپس کا فروغ خطیر زرمبادلہ کمانے کا باعث بن سکتا ہے، ڈاکٹر محمد امجد اولکھ

کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملک میں ہارٹیکلچرل سائنسز کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا

جمعرات 12 اکتوبر 2017 23:29

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2017ء) پاکستان میں گندم‘ چاول اور مکئی جیسی روایتی فصلوں کی ضرورت سے زائد کاشت کے بجائے ہارٹیکلچرل کراپس کا فروغ خطیر زرمبادلہ کمانے کا باعث بن سکتا ہے جس کیلئے ماہرین کو کسانوں کی رہنمائی کرنی چاہئے۔ زرعی یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچرل سائنسز کے لینڈ سکیپ سٹوڈیو میں ہارٹیکلچرکی ترقی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے کردار پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر محمد امجد اولکھ نے کہا کہ ہمیں گندم‘ چاول اور مکئی کی اتنی ہی کاشت کرنی چاہئے جتنی ہمیں ضرورت ہے کیونکہ بیرونی منڈیوں میں ان کی اتنی قیمت نہیں ملتی جتنی ہارٹیکلچرل کراپس کے حصے میں آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹماٹر‘ آلو‘ مٹر‘ کھیرے‘ آم‘ کینو‘ سیب اور انگور جیسے پھلوں کی کاشت کو بڑھاتے ہوئے ان کی برآمدات کی را ہ ہموار کرنی چاہئے تاکہ بیرونی منڈیوں میں ان کے زیادہ نرخوں کا فائدہ مقامی کاشتکاروں تک پہنچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہارٹیکلچرل سائنسز کے طلبہ پر زور دیا کہ خوب محنت سے اپنے پیشہ وارانہ اُمور انجام دیں اس امر کی تسلی رکھیں کہ مستقبل میں ان کا کردار بڑھتا چلا جائے گا۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ موبائل اور لیپ ٹاپ کا مثبت استعمال بڑھاتے ہوئے خود کواپنے شعبے کا چمپئن بنائیںتاکہ لوگ ان کی کامیابی پر رشک کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملک میں ہارٹیکلچرل سائنسز کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور یونیورسٹی میں کروڑوں روپے کے تحقیقی منصوبے مکمل ہونے کے ساتھ ساتھ آج بھی بہت سے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچرل سائنسز ڈاکٹر امان اللہ ملک نے کہا کہ کاشتکاروں کی آمدنی بڑھانے میں ہارٹیکلچراہم کردار ادا کر رہا ہے جس کو مزید فروغ دے کر سٹوریج‘ پراسیسنگ‘ ویلیو ایڈیشن جیسے شعبہ جات میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔ سیمینار سے ڈاکٹر محمد قاسم شاہ‘ ڈاکٹر افتخار احمد‘ ڈاکٹر وسیم حیدر‘ ڈاکٹر تنویر حسین‘ ڈاکٹر محمود الحسن‘ ڈاکٹر مجاہد علی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں ہارٹیکلچرل سائنسز کی ترقی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے کردار کو سراہنے کیلئے ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر محمد امجد اولکھ کی قیادت میں ایک واک بھی نکالی گئی جو ایڈمن بلاک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔

متعلقہ عنوان :