Live Updates

عمران خان کی غلط پالیسیوں کے باعث آئندہ انتخابات میں اسے کے پی کے میں بھی شکست کا خدشہ ہے،

رحمت خان وردگ دیگر سیاسی پارٹیاں ملک کے اہم اداروں کو متنازعہ بنا کر جمہوری عمل کو نقصان پہنچا رہے ہیں،صدر تحریک استقلال

جمعہ 13 اکتوبر 2017 20:09

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2017ء) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ عمران خان کی غلط پالیسیوں کے باعث آئندہ انتخابات میں اسے کے پی کے میں بھی شکست کا خدشہ ہے جبکہ دیگر سیاسی پارٹیاں ملک کے اہم اداروں کو متنازعہ بنا کر جمہوری عمل کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کالا شاہ کاکو میں ضلعی صدر شیخوپورہ سید قاسم علی شاہ اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات افسر خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب آج تک بھٹو کی پھانسی کا جواز پیش نہیں کر سکا جبکہ مرحوم جسٹس نسیم حسن شاہ نے بھی اسے جوڈیشل مرڈر قرار دیا تھا۔

انہوںنے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنس دائر کی سفارش کی گئی تھی مگر بظاہر نواز شریف کو سزا سنا کر اپیل کا حق ختم کرکے ذیادتی کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کا چیف جسٹس کو نوٹس لینا چاہئے تھا تا کہ میاں نواز شریف سیاسی فائد ہ حاصل نہ کر سکتے مگر اب ان کو سیاسی فائدہ حاصل ہوتا نظر آ رہا ہے۔ عمران خان کے سیاسی کردار کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ انہوںنے سیاسی نا پختگی کا مظاہرہ کرکے اپنی ساکھ متاثر کر لی ہے اور آئندہ انتخابات میں انہیں کے پی کے میں بھی شکست نظر آ رہی ہے۔

انہوںنے دعویٰ کیا ہے کہ موجود ہ سیاسی حالات کے پیش نظر کے پی کے میں آئندہ حکومت مسلم لیگ(ن) کی ہو گی اور آفتاب شیر پاؤ، مولانا فضل الرحمان اس کا حصہ ہوں گے جبکہ پنجاب، بلوچستان مسلم لیگ(ن)اور سندھ پاکستان پیپلز پارٹی کے ہاتھ جاتا محسوس ہو رہا ہے۔ عالمی صورتحال کے متعلق سوال پر تحریک استقلال کے سربراہ نے کہا کہ امریکہ بھر پور کوشش کرے گا پاکستان پر کوئی جنگ مسلط کر دے لیکن اسے یہ یاد رکھنا ہو گا کہ اب یہ جنگ محدود نہیں رہے گی۔

وقت کا تقاضہ ہے کہ حکومت فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس بلائے اور تمام سیاستدان امریکہ کی ڈکٹیشن کے معاملے پر ایک پیج پر آئیں اور اسلامی ممالک کے دورے کرکے ان کا اعتماد حاصل کیا جائے انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان نے امریکہ کی جنگ میں130ارب ڈالر جھونک دیئے مگر امریکہ ہمیشہ پاکستان کا نقصان سوچتا رہا۔ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ امریکہ کا صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہے جو دوسرے صدور کی طرح منافق نہیں اور پاکستان کے حوالے سے اپنی ملکی پالیسیاں زبان پر لے آتا ہے۔

ہمارے حکمرانوں نے امریکہ کو خوش کرنے کے لیے حافظ سعید جیسے علماء اور رہنماؤں کو نظر بند کر دیا۔ افغان سابق صدر حامد کرزئی کے حالیہ بیان پر انہوںنے کہا کہ وہ پہلے نقلی پٹھان بن گئے تھے اور اب دوبارہ اصلی پٹھان بن گئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ افغان عوام نے ہمیشہ امریکہ کے خلاف ووٹ دیا مگر حکمران حکومت سنبھالتے ہی امریکہ کی زبان بولنے لگے مگر اب حالات بدل چکے ہیں اور آئندہ حکومت حامد کرزئی کی نظر آرہی ہے۔پاکستانی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے امریکہ بارے بیان پر رحمت خان وردگ نے کہا کہ اس کے بعد امریکہ اور بھارت کو سمجھ لینا چاہئے کہ اب پاکستان ان کے لیے تر نوالہ ثابت نہیں ہو گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :