ڈپٹی کمشنر کا عزیز بھٹی شہید ہسپتال کا تفصیلی دورہ

جمعہ 13 اکتوبر 2017 23:41

لالہ موسیٰ۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے عزیز بھٹی شہید ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا، چلڈرن وارڈ، آرتھو وارڈ، ایمرجنسی وارڈ، آپریشن تھیٹر، او پی ڈی، ڈرگ سٹور ، میل فی میل وارڈکا معائنہ کیا ، نئے تعمیر کئے جانے والے بلاک کے علاوہ ہسپتال کے لان اور دیگر جگہوں کا دورہ کیا انہوں نے مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے پر ہسپتال انتظامیہ کو خوب سراہا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سعدیہ مہر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شفقت رضا، اسسٹنٹ کمشنر گجرات آذوبہ عظیم، اے سی کوآرڈینیشن وقار خان، ایم ایس ڈی ایچ کیو شاہد معروف، ایس ڈی او بلڈنگ آصف چٹھہ، بھی انکے ہمراہ تھے ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کے نئے تعمیر کئے جانے والے تین بلاکس میں ایک بلاک کا افتتاح 27اکتوبرکوکیا جائے گا۔

(جاری ہے)

حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے دورہ کے دوران ہسپتال میں مختلف جگہ سے ٹوٹی ٹائلز اور خراب پینٹ کا نوٹس لیتے ہوئے بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان کو ہدایت دی کے کام جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے چلڈرن وارڈ میںلگی ایل ای ڈی پر بچوں کی دلچسپی کے لئے کارٹون لگانے کا حکم دیا اور کہا کہ اولین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانی ہماری منصوبہ بندی میں شامل ہے ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال کے تمام ائیر کنڈیشنر 24 گھنٹے آن رہیں گے ، ہسپتال کے سٹورز میں موجود تکیے اور کمبل مریضوں کو فراہم کئے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے آئی ٹی آفیسر اور سسٹم نیٹ ورک انجینئر کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے 42 کیمروں کو فعال کیا جائے اور انکا ڈسپلے ڈپٹی کمشنر آفس میں دیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں رائے حاصل کی اور ادویات کو مناسب طریقے سے محفوظ کرنے کیلئے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی ۔

انہوں نے صفائی کے عملے کو بہتر کارکردگی کرنے پر سراہا اور واش رومز میں زیادہ توجہ دینے کی ہدایت دی ۔ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی وارڈ میں ڈاکٹرز کا ڈیوٹی روسٹر اور عملہ صفائی کی ڈیوٹی روسٹر کو آویزاں کرنے کی ہدایت کی ۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چلڈرن وارڈ کو از سرے نو تعمیر کرنے کے لئے ہسپتال میں سائٹ کا دورہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :