گردے کی غیر قانونی پیوند کاری کرانے والے سعودی شہری اور اس کے والد کا ٹمپرڈ ویزے پر پاکستان آنے کا انکشاف

ایف آئی اے نے وزارت داخلہ کو آگاہ کر دیا، ائیر پورٹ پر تعینات عملے کے خلاف بھی تحقیقات شروع کرد ی گئیں‘ ذرائع گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کرنے والے گرفتار ملزموں کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 20:20

گردے کی غیر قانونی پیوند کاری کرانے والے سعودی شہری اور اس کے والد کا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2017ء) گردے کی غیر قانونی پیوند کاری کرانے والے سعودی شہری اور اس کے والد کا ٹمپرڈ ویزے پر پاکستان آنے کا انکشاف ہوا ہے ، ائیر پورٹ پر تعینات عملے کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ۔ذرائع کے مطابق گردے کی غیر قانونی پیوند کاری کیلئے پاکستان آنے والے سعودی شہری فہد حجاب اور اس کے والد کے ویزے کی مدت جون 2017ء میں ختم ہو چکی ہے تاہم دونوں ویزے کو ٹمپرڈ کر کے پاکستان میں داخل ہو ئے ۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے نے اس سلسلہ میں وزارت داخلہ کو آگاہ کر دیا ہے اورتحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ائیر پورٹ پر تعینات عملے کے خلاف بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔ دریں اثناء گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کرنے والے گرفتار ملزموں کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ۔ یاد رہے کہ ایف آئی اے نے جمعرات کے روز پیر محل کے علاقہ میں ایک ہسپتا ل پر چھاپہ مار کر گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کرنے والے ڈاکٹروں اورغیر قانونی طور گردوں کے ٹرانسپلانٹ کیلئے آنے والے سعودی باشندے فہد حجاب کو حراست میں لیا تھا ۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق سعودی باشندے فہد حجاب نے ایجنٹ کو گردہ لگانے کیلئے لاکھوں روپے ادا کیے تھے ۔