برطانیہ کے سابق وزیر اعظم ونسٹن چرچل کا سگار 12 ہزار ڈالر میں فروخت

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 22:34

بوسٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اکتوبر2017ء) امریکی شہر بوسٹن کی نیلامی کی تنظیم آر آر نیلامی گھر کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے سابق وزیر اعظم ونسٹن چرچل کا سگار 12 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا ہے۔چرچل نے یہ سگار پیرس کے ہوائی اڈے پر 11 مئی 1947 کو تھوڑا سا پیا تھا۔بچا ہوا سگار بدھ کی شام فلوریڈا کی ایک شخصیت نے خریدا۔ خریدار کا نام منظر عام پر نہیں لایا گیا۔

ونسٹن چرچ کے اس سگار کو برطانوی رائل ایئر فورس کے ایئرمین نے بچا کر رکھا تھا۔ یہ ایئر مین چرچل اور ان کی اہلیہ کو لندن سے پیرس اور واپس لندن لایا تھا۔کارپورل ولیم ایلن ٹرنر نے یہ کیوبن سگار سنبھال کر رکھا تھا۔ اس سگار پر لا کورونا کا سرخ اور سنہری لیبل اور ونسٹن چرچل کا نام ابھی تک موجود ہے۔اس کے ساتھ ایک تصویر بھی ہے جو ایئر کوارٹر ماسٹر نے لی تھی۔

(جاری ہے)

اس تصویر پر لکھا ہے 'یہ تصویر میں نے 11 مئی 1947 میں پیرس کے ہوائی اڈے پر یارک ایم ڈبلیو 101 کے قریب لی تھی۔ اس وقت چرچل واپس برطانیہ کے لیے روانہ ہو رہے تھے۔''اس تصویر میں چرچل کو فرانس کے سابق فوجیوں نے گھیرا ہوا ہے اور وہ بات چیت کر رہے ہیں۔ انھوں نے جہاز پر سوار ہونے سے قبل اپنا سگار ایش ٹرے میں بجھایا اور میں نے بچا ہوا سگار اپنے پاس رکھ لیا۔'یاد رہے کہ مئی 1947 میں چرچل کو فرانس کے اعلیٰ فوجی اعزاز سے نوازا گیا تھا۔۔

متعلقہ عنوان :