عبد اللہ عبد الدائم کے انتقال پر گورنر سندھ کا سعودی حکام سے اظہار تعزیت

انتقال سے پاکستانیوں کو شدید صدمہ پہنچا ،آج پاکستان ایک ہمدرد ،مخلص بھائی سے محروم ہو گیا ، گورنر سندھ دوران تعیناتی نا قابل فراموش خدمات انجام دیں،ان کی خدمات ہمیشہ ان کی یاد دلاتی رہے گی ، محمد زبیر

پیر 23 اکتوبر 2017 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے پیر کے روز سعودی قونصل خانہ پہنچ کر سعودی حکام سے قونصل جنر ل عبد اللہ عبد الدائم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاک سعودیہ برادرانہ تعلقات نہ صر ف حکومتی سطح بلکہ عوامی سطح پر بھی گہرے اور مضبوط ہیں ، ہر مشکل مراحل میں سعودی عرب نے پاکستان کی سفارتی اوراخلاقی حمایت کی جسے پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان تعلقات کے استحکام کے لئے سعودی حکام با الخصوص سفارت کاروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اس ضمن میں عبداللہ عبدالدائم نے اپنی تعیناتی کے دوران نا قابل فراموش خدمات انجام دیں اور آخری دم تک دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دیتے ہوئے صوبہ با الخصوص کراچی میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے مخلصانہ کوششیں کرتے رہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عبد اللہ عبد الدائم کے انتقال سے پاکستانیوں کو شدید صدمہ پہنچا ، ان کے انتقال سے پاکستان ایک ہمدرد اور مخلص بھائی سے محروم ہو گیا ہے لیکن ان کی خدمات ہمیشہ ان کی یاد دلاتی رہیں گی۔قونصل خانہ میں رکھی گئی تعزیتی کتاب میں مرحوم عبداللہ عبدالدائم کے بارے میں اپنے تاثرات درج کئے اور مرحوم کی مغفرت ، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبرجمیل کی دعا بھی کی۔

تعزیتی کتاب میں گورنر سندھ نے اپنے تاثرات میں تحریر کیا کہ عبد اللہ عبد الدائم کے انتقال سے پاکستان ایک اچھے ہمدرد اور دوست سے محروم ہو گیا، آج مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم سوگوار ہے،عبد اللہ عبد الدائم نے اپنی تعیناتی کے دوران پاک سعودی دوطرفہ تعلقات کے استحکام اور فروغ کے لئے زبردست خدمات انجام دیںان کی خدمات کو پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،دعا ہے اللہ تعالیٰ مرحوم کو ان کی بے مثل خدمات پر اجر عظیم عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :