جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے کے خواہشمندوں کو 2018ء کے انتخابات میں ناکامی ہو گی،

کسی این آر او کی کوئی توقع نہیں‘ نواز شریف جلد عوام کے درمیان موجود ہوں گے،ٹیکنو کریٹ حکومت کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں، ملک سے لوڈشیڈنگ کا تقریباً خاتمہ ہو گیا‘ سردیوں میںگیس کی لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی ‘ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

پیر 30 اکتوبر 2017 20:34

جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے کے خواہشمندوں کو 2018ء کے انتخابات میں ناکامی ..
لاہور۔30 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2017ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ 2018ء کے انتخابات میں ان لوگوں کو ناکام بنادیں گے جو جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے کی خواہش رکھتے ہیں ‘ سابق وزیر اعظم نواز شریف جلد پاکستان کی عوام کے درمیان موجود ہوں گے‘ کسی این آر او کی کوئی توقع نہیں‘ ملک میں کبھی مارشل لاء اور کبھی ٹیکنو کریٹ حکومت کی بات ہوتی ہے لیکن ایسا کچھ نہیں، ٹیکنو کریٹ حکومت کی بھی آئین میں کوئی گنجائش نہیں‘ منفی سوچ رکھنے والوں کو غیور عوام جواب دینا جانتے ہیں‘ وہ پیر کے روز لاہور میںایک تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے‘ سردار ایاز صادق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک سے لوڈشیڈنگ کا تقریباً خاتمہ کردیا ہے‘ گیس کی لوڈشیڈنگ کا بھی سردیوں میں خاتمہ ہو گا‘ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 2013ء میں عوام سے کئے گئے وعدے پورے کر دیئے‘ دہشت گردی کیخلاف جنگ بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں‘ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کر رہا ہے اور آئندہ بھی ان ہی کی قیادت میں ملک میں ترقی اور خوشحال ہو گی‘ سردار ایاز صادق نے کہا کہ مخالفین چاہتے ہیںکہ ملک میں سی پیک جیسے منصوبے نہ بنیں‘وہ نہیں چاہتے کہ پاکستان ایران،ایران اور افغانستان کے راستے سنٹرل ایشیا اور ترکی کے ساتھ جڑ جائے،وہ نہیں چاہتے کہ چین کی سرھد جو پاکستان کے ساتھ جڑتی ہے وہاں سے اشیاء کی آمدورفت ہو،یہ ایجنڈا جنہوں نے شروع کیا ہے ان کو پاکستان کے غیور عوام جواب دینا خوب جانتے ہیں،انہوں نے کہا کہ چین کی مدد سے پاکستان میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے مسائل کو نواز شریف بہتر جانتے ہیں‘ جتنی ترقی و خوشحالی نواز شریف کے دور میں ہوئی کسی دور میں نہیں ہوئی‘ ایک سوال کے جواب میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو مسائل کے حل کیلئے اکٹھا بیٹھنا ضروری ہے‘ اس کے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں‘ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن سے میٹنگ ہو گی اور الیکشن کمیشن اپنی سفارشات پیش کریگا۔

(جاری ہے)

ا یک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اور پارلیمنٹ نے کشمیری عوام کے حق میں ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے اور جب تک ان کو آزادی نہیں مل جاتی تب تک ہر فورم پر ان کے حق میں آواز اٹھاتے رہیں گے ۔