Live Updates

نواز شریف احتساب عدالت پیش ہونے کیلئے برطانیہ سے وطن واپس پہنچ گئے

نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کل تین نیب ریفرنسز میں احتساب عدالت پیش ہونگے ،نیب راولپنڈی ٹیم نے پنجاب ہائوس میں نواز شریف سے عدالتی سمن کی تعمیل کروائی اور ضمانتی مچلکوں پر دستخط لئے ، اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچنے پر راول لائونج میں پارٹی رہنمائوں نے نواز شریف کا استقبال کیا ، پنجاب ہائوس میں نواز شریف نے پارٹی اور قانونی مشیروں سے تفصیلی مشاورت کی

جمعرات 2 نومبر 2017 11:38

نواز شریف احتساب عدالت پیش ہونے کیلئے برطانیہ سے وطن واپس پہنچ گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 نومبر2017ء) مسلم لیگ ن کے سربراہ و سابق وزیر اعظم نواز شریف پانامہ کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہونے کے لئے برطانیہ سے وطن واپس پہنچ گئے،نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کل جمعہ کو تین نیب ریفرنسز میں احتساب عدالت میں پیش ہونگے ،نیب راولپنڈی کی ٹیم نے پنجاب ہائوس میں نواز شریف سے عدالتی سمن کی تعمیل کروائی اور ضمانتی مچلکوں پر دستخط لئے ، اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچنے پر راول لائونج میں پارٹی رہنمائوں نے نواز شریف کا استقبال کیا ، پنجاب ہائوس میں نواز شریف نے پارٹی اور قانونی مشیروں سے تفصیلی مشاورت کی ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو مسلم لیگ ن کے سربراہ و سابق وزیر اعظم نواز شریف برطانیہ سے پی آئی اے کی پرواز پی کی786 کے ذریعے وطن واپس پہنچے ،بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سابق وزیر اعظم کے استقبال کیلئے مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر راجہ ظفر الحق ، خواجہ سعد رفیق ، انجنیئر امیرمقام ، ڈاکٹر آصف کرمانی،طارق فضل چوہدری ، سینیٹر چوہدری تنویر احمد سمیت دیگر رہنما اور کارکنان موجود تھے ،سابق وزیر اعظم کاراول لائونج میں استقبال کیا گیا ، اس موقع پر نواز شریف نے استقبال کیلئے آنے والے پارٹی رہنمائوںسے مختصر بات چیت کی ، امیگریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد سابق وزیر اعظم انتہائی سخت سکیورٹی میں پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ ایئر پورٹ سے پنجاب ہائوس کیلئے روانہ ہوئے ، سکیورٹی وجوہات کے باعث کارکنوں کو ایئر پورٹ کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی تا ہم اس کے باوجود کچھ کارکنان علی الصبح ایئر پورٹ پہنچنے میں کامیاب ہوئے ، پنجاب ہائوس پہنچنے پر نواز شریف نے پارٹی رہنمائوں سے مختصر اجلاس کے دوران اہم امور پر مشاورت کی جبکہ پانامہ کیس میں عدالت میں پیش ہونے اور لگائے گئے الزامات کا دفاع کرنے سے متعلق قانونی مشیروں سے بھی تفصیلی بات چیت کی ،نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر آج جمعہ کو تین نیب ریفرنسز میں احتساب عدالت میں پیش ہونگے ،دوسری جانب نیب راوالپنڈی کی ٹیم نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پانامہ کیس میں احتساب عدالت کی طرف سے جاری سمن کی تعمیل کیلئے ایئر پورٹ سکیورٹی فورس سے جہاز کے رن وے تک جانے کی اجازت طلب کی تھی تا ہم ایئر پورٹ انتظامیہ کی طرف سے نیب ٹیم کو رن وے تک جانے کی اجازت نہیں دی گئی جس کے باعث نیب کی ٹیم ایئر پورٹ پر عدالتی سمن کی تعمیل نہیں کروا سکی جب نواز شریف پنجاب ہائوس پہنچے تو نیب راولپنڈی کی ٹیم نے پنجاب ہائوس میں عدالتی سمن کی تعمیل کروائی اور ضمانتی مچلکوں پر دستخط بھی لئے ،سابق وزیر اعظم کی طرف سے نیب کی ٹیم کو عدالتی سمن کی تعمیل کے دوران یقین دہانی کرائی گئی کہ وہ آج جمعہ کو ہر حال میں عدالت میں پیش ہونگے جس کے بعد نیب ٹیم پنجاب ہائوس سے واپس چلی گئی ، واضح رہے کہ احتساب عدالت کی طرف نواز شریف کی عدم حاضری پر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے تھے ۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات