پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تعلیمی انقلاب کے وعدے پر عمل پیرا ہے، وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی

ہفتہ 11 نومبر 2017 18:43

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تعلیمی انقلاب کے وعدے پر عمل پیرا ہے، ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امورامتیاز شاہد قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تعلیمی انقلاب کے وعدے کی تکمیل پر پوری طرح عمل پیرا ہے اور اس سلسلے میں عملی اقداما ت اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا موجودہ صوبائی حکومت معیاری تعلیم کے فروغ میں انتہائی سنجیدہ ہے ۔

صوبائی حکومت نے گرلز ڈگری کالج شکردرہ کی منظوری دے دی۔ یہ منظوری ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کی زیر صدارت گزشتہ روز منعقدہ پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں دی گئی جس میں سیکرٹری محکمہ منصوبہ سازی و ترقی شہاب علی شاہ ، اس کے ممبران اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں نے بھی شرکت کی۔ واضح رہے گرلز ڈگری کالج شکردرہ کے لیے کروڑں روپے کی زمین صوبائی حکومت کو مفت فراہم کی گئی جس پر بہت جلد تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ گرلز ڈگری کالج شکردرہ عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا ۔وزیر قانون نے کہاکہ شکردرہ عوام کے لیے یہ ایک انمول تحفہ ہے جسے ہمیشہ سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا اس تاریخی منصوبے کی منظوری پر میں پاکستان تحریک انصاف حکومت بالخصوص صوبائی وزیر اعلی پرویز خٹک کا تہہ دل سے مشکور ہوں ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ 40سالوں سے حکمرانی کرنے والے نمائندوں نے حلقہ پی کی39کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیااور آج بھی علاقہ کے عوام بنیادی سہولیات کے لیے ترس رہے ہیں ،سابقہ دور کے نااہل حکمرانوں کی وجہ سے لاچی اورشکردر ہ کے عوام دور جدید میں بھی پانی،گیس،بجلی اورسڑکوں جیسی سہولیات سے محروم ہیں جو کہ ایک المیہ ہے۔

وزیر قانون نے کہا کہ وہ عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور اپنے چارسالہ دور میں انہیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ حلقہ بھر میں 30سے زائد سکولوں کو اپ گریڈ کر دیا جبکہ یونین کونسل کی سطح پر درجنوں نئے سکولوں کی تعمیر پر کام جاری ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اوربنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے صوبے میں اصلاحات کے ذریعے کرپشن اور سفارش کلچر کا خاتمہ کردیا گیا ہے اورسکولوں میں مانیٹرنگ سسٹم کے تحت اساتذہ کی حاضری یقینی بنائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے معاشرے سے کرپشن،ناانصافی کے خاتمے اور میرٹ و قانون کی بالادستی قائم کرنے کے ساتھ ساتھ بہترین طرز حکمرانی متعارف کرانے کے لئے ریکارڈ قانون سازی کی ہے اسی طرح صوبے میں امن و امان کے حوالے سے بھی صوبائی حکومت سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے جس کے باعث حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔