پنجاب حکومت شعبہ زراعت کی ترقی اورخوشحالی کیلئے مثالی اقدامات بروئے کار لا رہی ہے،ظہیر عباس شیرازی

منگل 14 نومبر 2017 15:21

خانیوال۔14 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2017ء) اسسٹنٹ کمشنر خانیوال آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب شعبہ زراعت کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے مثالی اقدامات بروئے کار لا رہی ہے،اسی لیے وہ کھاد ، معیاری بیج ، ٹنل سٹرکچر،سولر ٹیوب ویل اور زرعی مشینری کے پراجیکٹس پر اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے تاکہ ہماری معیشت مضبوط ہو اور پاکستان زندگی کے تمام شعبوں میں ترقی کر سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ زراعت کے زیر اہتمام کسانوں میں قرعہ اندازی کے ذریعے گندم کے بیج کی مفت فراہمی بارے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹیکمشنر فنانس فیصل شہزاد،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت سردار جمیل احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر رانا حبیب احمد، ٹیکنیکل آفیسر منظور احمد گل سمیت کسانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کو بیماریوں سے پاک گندم کے بیج کی قرعہ اندازی کے زریعے تمام یونین کونسلوں میں مفت بیج کے تھیلے تقسیم کر رہی ہے تاکہ گندم میں خود کفالت حاصل کی جا سکے،ڈپٹی ڈائریکٹر سردار جمیل احمدنے بتایا کہ تین سالہ پروگرام کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں میں شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے تحصیل خانیوال کے 658خوش نصیب کاشتکاروں میں بیماریوں سے پاک معیاری گندم کے بیج کی مفت تقسیم کی جار ہی ہے۔

ماہر زراعت /اسسٹنٹ ڈائریکٹر رانا حبیب احمد نے گندم کے بیج کی کاشت بارے تفصیلی آگاہی فراہم کی جبکہ ٹیکنیکل آفسیر منظور احمد گل نے گندم میں جڑی بوٹیوں کی تلفی بارے تفصیلی روشنی ڈالی بعد ازاں مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر آغاظہیر عباس شیرازی نے خوش نصیب کاشت کاروں میں گندم کے بیج کے تھیلے تقسیم کیے ۔

متعلقہ عنوان :