سندھ اسمبلی نے طلبہ کو انکا جمہوری حق دینے کی قرار داد پاس کرکے اچھا کام کیا ہے

ڈپٹی سپیکر شہلا رضا مبارک باد کی مستحق ہیں،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی

منگل 21 نومبر 2017 21:35

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی نے طلبہ کو انکا جمہوری حق دینے کی قرار داد پاس کرکے مستحسن کام کیا ہے ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا مبارک باد کی مستحق ہیں،جمعیت نے ملک کو باصلاحیت و نڈر قیادت فراہم کی ہے حیدرآباد میں یونیورسٹی کا قیام یہاں کا دیرینہ مطالبہ ہے جسے پورا کیا جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لطیف آباد کے مقامی ہال میں اسلامی جمعیت طلبہ حیدرآباد کے کنونشن سے خطاب کرتے ہو ئے کیا طلبہ کنونشن سے اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سکریٹری جنرل محمد عامر حیدرآباد کے ناظم سعد احسن قاضی جماعت اسلامی حیدرآباد کے امیر انجینئر حافظ طاہر مجید نے بھی خطاب کیاجبکہ کنونشن میں مختلف موضوعات پر ٹیبلو پیش کئے گئے اور باصلاحیت طلبہ میں ایوارڈ ز بھی تقسیم کئے گئے ڈاکٹر معراج الہدیٰ نے صدارتی خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ سندھ اسمبلی نے طلبہ کو انکا جمہوری حق دینے کی قرار داد پاس کرکے مستحسن کام کیا ہے ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا مبارک باد کی مستحق ہیںحکومت صوبہ کے تعلیمی اداروں میں یونین انتخابات بھی اعلان کرے طلبہ کو ان کا جمہوری حق جمہوری حکومتوں میں بھی نہیں ملا ایک آمر نے یونین انتخابات پر جو پابندی لگائی تھی وہ 83ء سے آج تک برقرار ہے انہوں نے کہاکہ طلبہ یونینوں کے انتخابات پورے ملک میں ہو نا چاہئیں تاہم بہت بہتر ہو گا کہ اسکا آغاز سندھ حکومت کرے انہوں نے کہاکہ جمعیت نے ہمیشہ طلبہ کی بہترین رہنمائی کی ہے اور ان کے مسائل حل کرانے میں بھی موثر کردار ادا کیا ہے جمعیت کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس نے ملک کو نڈر ، بیباک اور باصلاحیت قیادت فراہم کی ہے اسلام و سالمیت پاکستان کے لیے اسکی قربانیوں سے بھی کوئی انکار نہیں کرسکتا خاص طور پر مشرقی پاکستان میں جمعیت نے لاذوال قربانیاں دیں ہیں انہوں نے مزید کہاکہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام کا مطالبہ دیرینہ ہے جسے پورا کیا جائے اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل محمد عامر نے خطاب کرتے ہو ئے کہاکہ ملک کی آبادی میں 13کروڑ نوجوان ہیں ان کو مثبت و تعمیر سرگرمیاں ملنا چاہئیں حکومت پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنانا چاہتی ہے تو ان نوجوانوںکی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کا اہتمام کرے اور تعلیم کو پہلی ترجیح دیتے ہو ئے جی ڈی پی کا 4فیصد بجٹ تعلیم کے لیے مختص کیا جائے حیدرآباد جمعیت کے ناظم سعد احسن قاضی نے خطاب کرتے ہو ئے کہاکہ حیدرآباد میں ایک جنرل یونیورسٹی ایک میڈیکل اور ایک انجینئرنگ کالج قائم کیا جائے گورنمنٹ کالج حیدرآباد کو عملی طور پر یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے طلبہ کی فیسوں میں کمی کی جائے اور انہیں ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیاکی جائے۔