وزیراعلیٰ شہباز شریف کا اعلی الصبح لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کا بغیر پروٹوکول اچانک دورہ

منصوبے پر سول، مکینیکل و الیکٹریکل کاموں پر پیش رفت کا جائزہ اور مختلف سٹیشنوں کا معائنہ کیا،اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے جان لگا دیں،عام آدمی کوعالمی معیار کی سفری سہولتیں ملیں گی، تاخیر کا ازالہ محنت، عزم و جذبے کیساتھ کرنا ہے، اس عظیم منصوبے کی تکمیل سے عام پاکستانی عزت، وقار و فخر کیساتھ میٹرو ٹرین پر سفر کرے گا وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی کنٹریکٹرز، عملے و متعلقہ حکام سے گفتگو

ہفتہ 9 دسمبر 2017 21:20

وزیراعلیٰ شہباز شریف کا اعلی الصبح لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 دسمبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کل اعلی الصبح لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کا بغیر پروٹوکول اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور سول، مکینیکل اور الیکٹریکل کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے منصوبے کے روٹ کے ساتھ مختلف سٹیشنوںکا بھی دورہ کیا اور وہاں پر کام کی رفتار کا معائنہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے جین مندر کے قریب انڈرگرائونڈ سٹیشن کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ صبح نماز فجر ادا کرکے بغیر پروٹوکول لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کیلئے ٹھوکرنیاز بیگ پہنچے۔ وزیراعلیٰ نے ٹھوکر نیازبیگ سے جین مندر چوک تک منصوبے کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور مختلف سٹیشنوں پر رک کر وہاں ہونے والے سول، مکینیکل اور الیکٹریکل کاموں کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پرمنصوبے پر کام کرنے والے کنٹریکٹرز، عملے اور متعلقہ حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مفاد عامہ کے اس عظیم الشان منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے جان لگا دیں اور منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے،یہ منصوبہ عام آدمی کو باوقار اور عالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرے گا لہٰذا ہم سب نے مل کر تاخیر کا ازالہ محنت، عزم اور جذبے کے ساتھ کرنا ہے،میٹرو ٹرین کا منصوبہ عام آدمی کو معیاری، باکفایت اور عالمی معیار کی تیز رفتار سفری سہولتیں فراہم کرے گا اور اس منصوبے کی تکمیل سے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں انقلاب برپا ہوگا۔

طلبا، مزدور، ملازمت پیشہ خواتین، کسان، ڈاکٹرز، نرسز اور عام شہری وقت پر منزل پر پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر قدم عوام کی بہتری کیلئے اٹھا رہے ہیں، میٹرو ٹرین چلے گی اور اس عظیم منصوبے کی تکمیل سے عام پاکستانی عزت، وقار اور فخر کے ساتھ میٹرو ٹرین پر سفر کرے گا اوریہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا منفرد منصوبہ ہے، جس کے تحت شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی جدید ترین سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس عظیم منصوبے کی تکمیل سے ٹرانسپورٹ کا کلچر یکسر بدل جائے گااورعام آدمی باوقار انداز میں عزت کے ساتھ اپنی منزل مقصود تک پہنچے گا ، یہ منصوبہ پاکستان کی تاریخ میںبین الاقوامی معیار کی سفری سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے رجحان ساز حیثیت رکھتا ہے، لاہور میٹرو ٹرین کا منصوبہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اور منفرد منصوبہ ہے اور یہ پورے پاکستان کا منصوبہ ہے، میٹرو ٹرین کے روٹ کے اطراف لوگوں کو گرد اور دھول سے بچانے کیلئے پانی کا چھڑکائو تواتر کے ساتھ کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے سی ٹی او کو ہدایت کی کہ روٹ کے اطراف شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں اور اس ضمن میں شہریوں کو مشکلات پیش نہیں آنی چاہئیں۔ وزیراعلیٰ کو دورے کے دوران منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی،لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کی سٹینڈنگ کمیٹی کے سربراہ خواجہ احمد حسان، ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ایل ڈی اے اور احد خان چیمہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔