پاکستان دشمن طاقتیں بالخصوص امریکہ ہرگز قبائلی علاقوں کو خیبرپختونخوا کا حصہ نہیں بننے دے گا

دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق کا جماعت اسلامی کے لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب

پیر 11 دسمبر 2017 21:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 دسمبر2017ء) جمعیت علماء اسلام (س)کے امیر اور دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہاکہ پاکستان دشمن طاقتیں بالخصوص امریکہ ہرگز قبائلی علاقوں کو خیبرپختونخوا کا حصہ نہیں بننے دے گا، تاکہ وہ ان علاقوں کو اپنی ملک دشمن سازشوں کی آماجگاہ بناتے رہیں، اس موقع جماعت اسلامی خیبرپختون خوا کے جنرل سیکرٹری عبدالوسع، صوبائی نائب امیر وہ سابق ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ ہارون الرشید ظہور افریدی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مولانا سمیع الحق نے درالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں جماعت اسلامی کی طرف سے لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کررہے تھے جو پشاور سے اسلام آباد جاتے ہوئے مولانا سمیع الحق اوردیگر علماء سے ملاقات کے لئے دارالعلوم حقانیہ رک گئے تھے، دارالعلوم کے زیرتعمیر جامع مسجد کے وسیع ہال میں لانگ مارچ کے منتظمین نے دارالعلوم حقانیہ سے اپنی محبت اور گہری عقیدت کا اظہار کیا اور اسے اپنا قبلہ علمی قرار دیا، مولاناسمیع الحق نے ہزاروں افراد پر مشتمل قافلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ جمعیة علماء اسلام روز اول سے قبائل میں ایف سی آر کے کالے قوانین کے خلاف ہے اور کئی سال قبل جمعیة نے پشاور میں بڑے قبائلی جرگہ منعقد کرکے ان قوانین کے خاتمے کا مطالبہ کیاتھا،مولانا سمیع الحق نے کہاکہ پاکستان کے تمام مشکلات کاوحد حل ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہے ، اورقبائلی بھائیوں نے خیبرپختونخوا میں ضم ہونے کے بعد پاکستانی عوام سے مل کر نفاذ شریعت کی تحریک چلانی ہوگی ،مولاناسمیع الحق نے کہاکہ قبائُی عوام پاکستان کے اسلامی اور ایٹمی قلعہ ہونے کے محافظ اور چوکیدار ہیں، اس لئے دشمن انہیں کالے قوانین میں جکڑے رکھ کر بے رحم و کرم اور بے بس رکھنا چاہتا ہے قبل ازیں جب جماعت اسلامی کا قبائل کا صوبہ خیبرپختونخواکے ساتھ الحاق اور قبائل کے حقوق کے لانگ مارچ کا جماعت اسلامی کے رہنماء جواد نبی سینا نے پبی میںان کااستقبال کیا۔

(جاری ہے)

جبکہ شوبرا چوک نوشہر ہ میں جماعت اسلامی کے ضلعی امیر انوار الاسلام، ضلعی نائب امیر حاجی عنایت الرحمن افتخار احمد نے سینکڑوں کارکنوںکے ہمراہ شرکاء کا استقبال کیا۔ اس موقع پر شوبرا چوک میں دھرنا دیکر اس کودونوں طرف سے روڈ کو بلا ک کردیا۔ اس موقع پر شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی ار کے خاتمے، قبائل کے خیبرپختونخوا میں انضمام اور قبائل کوائینی اور سیاسی ترقیاتی حقوق قبائل کوروزگار کی فراہمی اور قبائل میں یونیورسٹیز میڈیکل کالجز سکولوں اورکالجز اور انفراسٹکچر کے قیام تک یہ جد وجہد جاری رہے گی۔

انھوںنے حکومت سے ،مطالبہ کہ الیکشن اصلاحات میں قبائل کو صوبائی اور قومی اسمبلی میں نشستیں فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ جلوس کے شرکاء جی ٹی روڈ پر خیر آباد پل پار کرنے کے بعد اٹک کی طرف روانہ ہوگیا۔