Live Updates

زرداری کے حواریوں اور الطاف کی باقیات سے نجات کا وقت آن پہنچا ہے، عمران خان

جمعرات 14 دسمبر 2017 13:37

زرداری کے حواریوں اور الطاف کی باقیات سے نجات کا وقت آن پہنچا ہے، عمران ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی سندھ میں تبدیلی کا پیش خیمہ اور مرکز ہے،سیاسی اور حکومتی آلائشوں سے سندھ کو پاک کرنے کیلئے مربوط اور جامع حکمت عملی دیں گے،زرداری کے حواریوں اور الطاف کی باقیات سے نجات کا وقت آن پہنچا ہے۔ جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان سے پارٹی کے سینئر رہنما عمران اسماعیل نے ملاقات کی جس میں انہوں نے کراچی کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے آئندہ انتخابات کے حوالے سے ممکنہ چیلنجز سے آگاہ کیا اور مردم شماری کے بعد کراچی کی سیاست میں تبدیلی کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی ۔

(جاری ہے)

کراچی کی سیاست میں دیگر جماعتوں کے کردار اور ممکنہ اثرات پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کراچی سندھ میں تبدیلی کا پیش خیمہ اور مرکز ہے، تحریک انصاف ملک کے دیگر حصوں کی طرح سندھ میں بھی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے،سیاسی اور حکومتی آلائشوں سے سندھ کو پاک کرنے کیلئے مربوط اور جامع حکمت عملی دیں گے، عمران خان نے کہا آئندہ انتخابات میں سندھ اور کراچی میں عوامی مینڈیٹ پر نقب زنی کے منصوبے ناکام بنانا ہوں گی,زرداری کے حواریوں اور الطاف کی باقیات سے نجات کا وقت آن پہنچا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات