سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کم پریشرپر احتجاجی مظاہرے

محکمہ سوئی گیس نے کمپریسرز کے استعمال پر اڈیالہ، ٹنچ بھاٹہ و دیگر علاقوں میں 55سے زائد کنکشن منقطع کر دیئے

جمعہ 15 دسمبر 2017 19:21

راولپنڈی15دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2017ء) شہر بھر میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور گیس کے کم پریشر کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور گیس کے کم پریشر کے خلاف گذشتہ روز اجمیری محلہ ،خیابان میراں بخش ،گلی ظہور کار پارکنگ ،آبادی نمبر 2ٹنچ بھاٹہ ،آبادی نمبر 3ٹنچ بھاٹہ ،کمال آباد ڈھوک عبدالطیف ،محلہ نوروز آباد کے سینکڑوں مکینوں نے محکمہ سوئی گیس کیخلاف شدید احتجاج کیا اور دھمکی دی کہ گیس پریشر بحال نہ کرنے کی صورت میں محکمہ گیس کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

شہریوں نے اس موقع پر زبردست نعرے بازی کی اور احتجاج کرتے ہوئے بکرا منڈی کلمہ چوک تک ریلی نکالی ۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے مطالبہ کیاکہ صارفین کو بلاتعطل گیس فراہمی میں ناکامی پر محکمہ سوئی گیس ریجنل آفس راولپنڈی کے تمام عملے کو معطل کیاجائے ،شہریوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ ٹی بی ایس پوائنٹ سے گیس پریشر کم کرنے والے گیس اہلکاروں کو روکا جائے بصورت دیگر راست قدم اٹھائیں گے۔

سوئی گیس کے کم پریشر کے خلاف پیپلز کالونی ،صادق آباد ،دھمیال کیمپ ،بنک کالونی ،اشرف کالونی،لالہ رخ کالونی ،بہار کالونی ، ،گلشن دادن خان ،گلاس فیکٹری چوک سمیت دیگر علاقوں میں بھی شہریوںنے محکمہ سوئی گیس کے خلاف احتجاج کیا اور مطالبہ کیاکہ صارفین کو گیس فراہمی یقینی بنائی جائے ۔سوئی ناردرن گیس ریجنل آفس راولپنڈی کے جنرل مینجر محمد ظہور نے اے پی پی کو بتایاکہ سردی میں اضافے کے ساتھ طلب میں بھی یکدم اضافہ ہو گیا ہے تاھم محکمہ سوئی گیس کی خصوصی ٹیمیں اس حوالے سے پریشر بحالی کے لیے ہمہ وقت مصروف ہیں ۔

انہوںنے بتایاکہ صارفین کو چاہیے کہ وہ گیس کے استعمال میں احتیاط برتیں اور صرف ضرورت کے تحت گیس کا استعمال کریں تاکہ تمام صارفین کو گیس مل سکے ۔محمد ظہور نے مزید بتایاکہ گیس پریشر میں اضافے کے لیے کمپریسرز کا استعمال نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ کمپریسر کا استعمال نقصان دہ بھی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوںنے بتایاکہ محکمہ سوئی گیس غیر قانونی کمپریسرزکے خلاف کریک ڈائون جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ تمام صارفین کو گیس کے یکساں حصول میں مشکلات حائل نہ ہوں ۔

محمد ظہور نے بتایاکہ محکمہ سوئی گیس نے کمپریسرز کے استعمال پر اڈیالہ ٹنچ بھاٹہ و دیگر علاقوں میں 55سے زائد کنکشن منقطع کیے گئے ہیں ۔انہوںنے خبردار کیاکہ کمپریسر استعمال کرنے والے صارفین کے ساتھ کسی قسم کی رعائت نہیں کی جائے گی اور ایسے صارفین کے کنکشن منقطع کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :