ایف آئی ایف کی جانب سے ونٹر پیکیج کے تحت جعفر آباد میں ایک ہزار سے زائد افراد میں گرم ملبوسات اور بستر تقسیم

اتوار 17 دسمبر 2017 14:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2017ء)فلاح انسانیت فاونڈیشن کی جانب سے ونٹر پیکیج کے تحت بلوچستان کے علاقے جعفر آباد میں لاکھوں روپے مالیت پر مشتمل ایک ہزار سے زائد افراد میں گرم ملبوسات اور بستر تقسیم کئے گئے۔ ونٹر پیکیج فلاح انسانیت فاونڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالروف نے تقسیم کیا اس موقع پر ایف آئی ایف بلوچستان کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد اعجاز، ایف آئی ایف فیصل آباد کے انچارج ڈاکٹر ظفر اقبال چیمہ اور علاقے سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔

حافظ عبدالروف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلاح انسانیت فاونڈیشن نے بلوچی بھائیوں کی محرومیوں کے ازالے کے لئے "روشن بلوچستان" مہم کا آغاز کر رکھا ہے جس کے تحت بلوچستان بھر میں عوامی فلاح و بہبود کے درجنوں منصوبہ جات کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کا بنیادی مسئلہ پانی کا ہے اس حوالے سے ایف آئی ایف نے دو سو سے زائد واٹر پروجیکٹ لگائے ہیں 50 کے قریب کنویں اور ہینڈ پمپ زیر تعمیر ہیں۔ اسی طرح راشن کی تقسیم، خود کفالت پروگرام اور صحت کی سہولیات کے لئے بھی بڑے پیمانے پر کام کیا جا رہا ہے۔ ابھی جعفرآباد میں سکول کے بچوں اور دیگر مستحق افراد میں کپڑے اور بستر تقسیم کئے گئے ہیں۔ حافظ عبدالروف نے کہا کہ خدمت کا یہ سلسلہ یونہی جاری و ساری رہے گا۔