بوم بوم آفریدی کے جارحانہ انداز کی طرح چھکے بھی مشہور

اپنی شناخت رکھنے والے 2 چھکے آج تک ایک ریکارڈ ہیں، میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم کا وہ چھکا جس پر انہیں 12 رنز ملے تھے ، دوسرا بلے سے لگنے کے بعد گیند وکٹ سے 158 میٹر دور گری جو اب تک ایک ریکارڈ ہے

منگل 19 دسمبر 2017 22:21

بوم بوم آفریدی کے جارحانہ انداز کی  طرح چھکے بھی مشہور
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 دسمبر2017ء) کرکٹ کے میدانوںمیں مخالف بولرز کا بھرتا نکالنے اور چھکے چھڑانے والے بوم بوم شاہد آفریدی نے بے شمار ریکارڈ اپنے نام کئے۔ انہوں نے اپنی پہلی ہی اننگز میں ایک روزہ کرکٹ کی تیز ترین سنچری بنا ڈالی، 4 اکتوبر 1996 میں سری لنکا کے خلاف صرف 37 گیندوں کی مدد سے 102 رنز بنائے جو 20 سال تک ایک ریکارڈ رہا۔

شاہد آفریدی نے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ 351 چھکے لگائے جو دوسرے نمبر پر آنے والے بلے باز سے 81 چھکے زیادہ ہے یہ بھی اپنی جگہ ایک منفرد ریکارڈ ہے۔قومی بلے باز نے مختصرکرکٹ ٹی 20 میں اب تک 73 اور ٹیسٹ میں 52 چھکے لگائے جبکہ تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر ان کے چھکوں کی تعداد 476 ہے اور یہ تعداد دیگر بلے بازوں سے بہت زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

یوں تو شاہد آفریدی کے درجنوں چھکے ایسے ہیں جو ان کے چاہنے والوں کو ناصرف یاد بلکہ انتہائی پسند ہیں لیکن اپنی شناخت رکھنے والے 2 چھکے آج تک ایک ریکارڈ ہیں، میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم کا وہ چھکا جس پر انہیں 12 رنز ملے تھے اوران کا شکار ہونے والے بولر فلیمنگ تھے۔

اسٹیڈیم پر چھت تھی اور قواعد و ضوابط کے مطابق بلے باز کی جانب سے گیند کو چھت تک پہنچانے والے کے کھاتے میں 12 رنز کا اضافہ کیا جائے گا اور جب شاہد آفریدی نے گیند کو چھت تک پہنچا دیا تو ایمپائر ہولڈر بھی پریشان تھے کہ 12 رنز کا سگنل کیا دیا جائے لیکن پھر انہوں نے دونوں ہاتھوں کی کلائیاں جوڑ کر کراس بنایا جس کا مطلب کسی کی سمجھ میں نہ آسکا، کرکٹ کے مقتدر حلقوں نے اس اشارے کو 12 رنز کا سگنل کہا جب کہ شائقین کا کہنا ہے کہ ایمپائر کا اشارہ تھا کہ اب حد ہوگئی شاہد آفریدی کو دونوں ہاتھوں سے پکڑ لو۔ شاہد آفریدی کا ایک چھکا اس وجہ سے مشہور ہے کہ بلے سے لگنے کے بعد گیند وکٹ سے 158 میٹر دور گری جو اب تک ایک ریکارڈ ہے۔۔

متعلقہ عنوان :