صوبہ بھر میں بارش و آندھی سے 25 حادثات، 12 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق چھتیں اور دیواریں گرنے سے سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا بارشوں کا حالیہ سلسلہ یکم جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، شہری احتیاطی تدابیر اپنائیں،ترجمان

ہفتہ 28 جون 2025 19:25

صوبہ بھر میں بارش و آندھی سے 25 حادثات، 12 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی
Kلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جون2025ء)پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای) نے 25 جون سے 27 جون تک صوبے بھر میں بارش اور آندھی کے باعث پیش آنے والے حادثات کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق اس دوران چھتیں اور دیواریں گرنے سمیت دیگر واقعات میں مجموعی طور پر 25 حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 12 افراد جاں بحق اور 39 زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق چھتیں اور دیواریں گرنے کے 28 واقعات میں سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا۔ حادثات بہاولنگر، فیصل آباد، اور خانیوال سمیت دیگر اضلاع میں پیش آئے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین کو مالی امداد فراہم کی جائے گی، اور شہریوں کو مشورہ دیا کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، مخدوش یا بوسیدہ مکانات میں رہائش نہ رکھیں اور بچوں کو برساتی نالوں، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب نہ جانے دیں۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا موجودہ سلسلہ یکم جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔