آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کی تیاری، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ون ڈے بارش کی نذر، دو میچوں کی سیریز 1-0 سے گرین شرٹس کے نام

جمعہ 5 جنوری 2018 23:18

آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کی تیاری، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ..
آکلینڈ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2018ء) رواں ماہ شیڈول آئی سی سی انڈر 19ورلڈ کپ کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے بارش کی نذر ہو گیا، دو میچوں کی سیریز 1-0 سے گرین شرٹس کے نام رہی، پاکستانی انڈر 19ٹیم نے میزبان نیوزی لینڈ انڈر 19 کو پہلے ایک روزہ میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی۔

(جاری ہے)

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے گزشتہ روز کھیلا جانا تھا تاہم بارش کی وجہ سے ایک بھی گیند کا کھیل ممکن نہ ہو سکا، اسطرح سیریز 1-0 سے پاکستان کے نام رہی۔ واضح رہے کہ پاکستانی انڈر 19 ٹیم نے اس سے قبل آسٹریلیا انڈر 19 کو ون ڈے سیریز میں شکست فاش سے دوچار کیا تھا۔ پاکستانی انڈر 19 ٹیم ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف ہے، آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر زیر کرنے کے بعد گرین شرٹس نے نیوزی لینڈ کو بھی اس کی سرزمین پر ہرا کر حریف ٹیموں پر دھاک بٹھا دی۔

میگا ایونٹ 13 جنوری سے شروع ہو گا، پاکستانی انڈر 19 ٹیم 8 جنوری کو نمیبیا اور 10 جنوری کو بنگلہ دیش کے خاف وارم اپ میچز میں اپنی تیاریوں کی مزید جانچ کرے گی، گرین شرٹس میگا ایونٹ کے ابتدائی روز افغانستان کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔

متعلقہ عنوان :