حج پالیسی کے اچانک اعلان سے ہزاروں عازمین حج میں بے چینی پھیل گئی ہے ،حافظ نعیم الرحمن

مطلوبہ رقم اور پاسپورٹ کی فوری فراہمی مشکل ہے ۔درخواستیں جمع کرانے کا دورانیہ بڑھایا جائے،امیر جماعت اسلامی کراچی

ہفتہ 6 جنوری 2018 21:54

حج پالیسی کے اچانک اعلان سے ہزاروں عازمین حج میں بے چینی پھیل گئی ہے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے وفاقی حکومت کی جانب سے نئے سال کی حج پالیسی کے اعلان پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ سالوں سے ہٹ کر چار ماہ قبل اور اچانک حج پالیسی کے اعلان سے فریضہ حج کی ادائیگی کے خواہش مند افراد کے اندر بے چینی اور اضطراب پیدا ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

درخواستیں جمع کرانے کا وقت بھی بہت کم ہے جس کے باعث ہزاروں عازمین حج پریشان ہیں کہ وہ اتنے کم وقت میں مطلوبہ رقم کس طرح فراہم کریں اور وہ افراد جو پاسپورٹ حاصل کر نا چاہتے ہیں یا جن کو پاسپورٹ کی تجدید کرانی ہے وہ بھی اس اچانک اعلان سے شدید ذہنی اور جسمانی اذیت کا شکار ہو گئے ہیں اور پاسپورٹ آفس کے دفاتر کے چکر لگا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 8ماہ قبل بھاری رقوم کی وصولی اور بینکوں میں جمع کرانے کا حکومت اور بینکوں کو تو فائدہ ہو سکتا ہے لیکن عازمین حج کو کوئی فائدہ حاصل نہیں ہو گا ۔وفاقی حکومت کو حج پالیسی کے اعلان سے قبل عازمین حج کی مشکلات اور پریشانیوں کا خیال رکھنا چاہیئے تھا مگر افسوس کہ حکومت نے انہیں نظر انداز کر دیا ۔اس لیے ضروری ہے کہ حج درخواستوں کی وصولی کا دورانیہ فی الفور بڑھایا جائے تا کہ ہزاروں عازمین حج کو سہولت حاصل ہو سکے ۔

متعلقہ عنوان :