مقبوضہ کشمیر میں آزادی اور حق خودارادیت کی تحریک کا مقصد پاکستان کی تکمیل اور بقاء کی تحریک ہے، کشمیر کی آزادی کیلئے ایک لاکھ سے زائد کشمیری اپنے مقدس لہو کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، بھارتی دہشتگردی اور ظلم و بربریت کے نتیجے میں پورا کشمیر آگ و خون کی لپیٹ میں ہے، اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے کشمیری قوم کی رائے معلوم کرنے کیلئے نمائندہ مقرر کرے

مال روڈ پر آزادی کشمیر مارچ سے مقررین کا خطاب

پیر 5 فروری 2018 18:34

لاہور۔5 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں آزادی اور حق خودارادیت کی تحریک کا مقصد پاکستان کی تکمیل اور بقاء کی تحریک ہے ، کشمیری بھائی اس تحریک کے دوران اب تک ایک لاکھ سے زائد شہدا ء کے مقدس لہو کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں جن میں مرد ، عورتیں ،بچے اور بوڑھے شامل ہیں،بھارتی دہشتگردی اور ظلم و بربریت کے نتیجے میں پورا کشمیر آگ و خون کی لپیٹ میں ہے، اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے کشمیری قوم کی رائے معلوم کرنے کے لیے نمائندہ مقرر کرے ۔

ان خیالات کا اظہار مال روڈ لاہور پر جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے کشمیر مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھارت 70سال سے کشمیریوں پر ظلم و ستم کی انتہاء کر رہا ہے،بھارت طاقت اور غرور کے نشے میں اس خطے کو ایٹمی جنگ کی طرف لے جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ بھارتی قیادت حقائق کو سمجھے اور کشمیر یوں کو آزادی کا حق دے ، کشمیر میں انسانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جا رہا ہے یہاں انسانی حقوق کی تنظیمیں اور عالمی برداری خاموش کیوں ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک تحریک آزادی کشمیر میںلاکھوں کی تعداد میں زخمی اور اپاہیج ہو چکے ہیں ،ہر گھر سے جنازے نکل رہے ہیں، عورتوں کی عصمتوں کے درد ناک واقعات وادی کشمیر میں معمول بن چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی دہشتگردی اور ظلم و بربریت کے نتیجے میں پورا کشمیر آگ و خون کی لپیٹ میں ہے اور جنت نظیر وادی اور اس کے حسن کو تباہ و برباد کیا جا رہاہے ۔ کشمیر میں ہونے والے مظالم کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ جمہوریت اور امن کا دعویدار بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے ۔ کشمیریوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،کشمیر کے معاملے پر پوری قوم متحد ہے ، کشمیر مارچ میں تمام مکاتب فکر کے افراد ، مزدور ، طلبہ ، کسان ، ڈاکٹرز ، انجینئرز اور وکلاء سمیت مردوخواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ کشمیر مارچ کی قیادت سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ ، امیر جماعت اسلامی ذکر اللہ مجاہد ، مرکزی صدر جمعیت اہلحدیث ابتسام الٰہی ظہیر ، مرکزی نائب صدر اسلامی تحریک پاکستان حافظ کاظم رضا نقوی ، مرکزی رہنماء جمعیت علماء پاکستان قاری زوار بہادر، مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم ، جماعت اسلامی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر ، سیکرٹری جنرل کسان بورڈ ارسلان خان خاکوانی ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ، ضیا ء الدین انصاری ، انجینئر خالد عثمان ،جے آئی یوتھ لاہو رکے صدر شاہد نوید ملک ، صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور اے ڈی کاشف ، سیکرٹری سیاسی کمیٹی لاہور چوہدری محمودالاد ، چوہدری منظور حسین گجر ، وقار ندیم وڑائچ ، لاہور کے سیاسی زعماء ذولفقار بھٹی ، عابد میر بٹ احسن شاہد ، احسان چوہدری ،عبدالقیوم چوہدری و دیگر مذہبی اور سیاسی قائدین کی ۔

کشمیر مارچ میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی لاہور کی رہنما بیگم قاضی حسین احمد، سابق ایم این اے ڈاکٹر سمعیہ راحیل قاضی ، عافیہ سرور ، ربیعہ طارق ، زرافشاں فرحین و دیگر خواتین قائدین نے بھی شرکت کی ۔