استنبول یونیورسٹی کے وفد کا اسلامی یونیورسٹی کا دورہ ، دو طر فہ تعاون کے کورسز و سیمینار پر اتفاق

منگل 6 فروری 2018 22:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 فروری2018ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور ترکی کی استنبول یونیورسٹی نے اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین شعبہ تعلیم میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں اور تدریسی تعلقات کو وسعت دیتے ہوئے اردو اور ترک زبانوں کے پروگرامز کا انعقاد ممکن بنایا جا سکتا ہے اور اس ضمن میں دونوں جامعات جلد تجربات کے تبادلے کے لیے سیمینار اور کانفرنسوں کا انعقاد کرائیں گی۔

مندرجہ بالا نکات پر بحث و اتفاق استنبول یونیورسٹی کے 10 رکنی وفد کے اسلامی یونیورسٹی کے فیصل مسجد کیمپس کے دورے کے موقع پر ہوا،جہاں استنبول یونیورسٹی کے وفد میں شریک مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور فیکلٹی ممبران نے جامعہ کے اقبال بین الاقوامی ادارہ برائے تحقیق و مکالمہ اور شعبہ اردو کے مدرسین سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ترک وفد کے سربراہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں جن کو اردو ترکی زبانوں میں تعاون کے ذریعے وسعت دی جا سکتی ہے۔

اس موقع پر اقبال بین الاقوامی ادارہ برائے تحقیق و مکالمہ کے سربراہ ڈاکٹر حسن الامین نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ترکی مسلم تاریخ میں ہمیشہ نمایاں رہا ہے اور مسلمانوں کے لیے تحریک کی علامت رہا۔انہوں نے وفد کے اراکین کو یقین دہانی کرائی کہ دو طرفہ تعاون کے کسی بھی پروگرام کے انعقاد کے لیے ان کا ادارہ ہمہ وقت تیار ہے۔ پروگرام میں ادارہ تحقیقات اسلامی کے سابق سربراہ و سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر خالد مسعود بھی موجود تھے ، انہوں نے کہا کہ لسانی مماثلت پاک ترک بھائیوں کو اور قریب کر دیتی ہے ۔

انہوں نے خلافت کی تحریک اور عصر حاضر میں پاک ترک تعاون کے مواقعوں پر بھی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ادارہ تحقیقات اسلامی کے سربراہ ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ دونوں ممالک کی جامعات دو طرفہ تعاون کے کورسز ، وفود کے تبادلوں اور وظائف پر کام کریں تو دورس نتائج مرتب ہوں گے۔ اس موقع پر شعبہ سیاسیات و بین الاقوامی تعلقات کے ڈاکٹر منصور کنڈی، شعبہ اردو کی ڈاکٹر حمیرا اشفاق ، ایڈیشنل ڈائریکٹر سید مزمل حسین اور دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا۔