اپوزیشن اعدادوشمار کیساتھ مناظر ہ کرلے سوائے سبکی کے کچھ حاصل نہیں ہوگا ‘(ن) لیگ ٹریڈرز ونگ کا چیلنج

اربوں روپے کے منصوبے کی شفافیت کے عالمی ادارے بھی معترف ہیں ‘ محمد علی میاں،زبیر انصاری، عرفان اقبال شیخ، میاں عثمان

پیر 12 فروری 2018 16:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2018ء) موجودہ حکومت نے پہاڑ جیسی رکاوٹیں عبور کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے ، ملک میں اربوں روپے کے منصوبے انتہائی شفاف طریقے سے مکمل کئے گئے جن کا عالمی ادارے بھی اعتراف کر رہے ہیں ،اپوزیشن آئندہ عام انتخابات میں اپنا تاریک مستقبل دیکھ کر واویلا کر رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار وزیرا علیٰ کے مشیر محمد علی میاں اور (ن) لیگ ٹریڈرز ونگ کے رہنمائوںزبیر محمود انصاری ،عرفان اقبال شیخ ،میاں عثمان، بابر محمود،شاہد نذیر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ۔

رہنمائوں نے کہا کہ 2013ء اور 2018ء کے حالات میں زمین آسمان کا فرق ہے ۔ ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے ہمیشہ کیلئے دور ہو گئے ہیں۔بڑی اورگھریلو صنعتیں چلنے سے معیشت کا پہیہ رواں دواں ہے جس سے بیروزگاری کا خاتمہ ہونے کے ساتھ لوگوں کی زندگیوں میں خوشحالی اور آسودگی آئی ہے ۔

(جاری ہے)

اپوزیشن کو چیلنج ہے کہ جس مرضی پلیٹ فارم پر آ جائیں اور اعدادوشمار کے ساتھ مناظر ہ کرلیں انہیں اپنے دعوئوں کے حوالے سے سبکی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا ۔

انہوںنے کہا کہ قوم آگاہ ہے کہ (ن) لیگ کی حکومت کا راستہ روکنے کیلئے کیا کیا ڈرامے نہیں رچائے گئے اور سارے کردار آہستہ آہستہ سامنے آرہے ہیں۔ پی ٹی آئی نے مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کی بجائے میں نہ مانوں کی سیاست کر کے اپنی رہی سہی ساکھ بھی ختم کرلی ہے اور انہیں ملک کی رقی کی راہ میں سپیڈ بریکر کھڑنے پر آئندہ عام انتخابات میں خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کی عدالت میں جائے گی اور کامیابی حاصل کرکے ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :