لاہور، پانچویں سروسز ٹائرز 15 سائیڈ لیگ پاکستان آرمی نے جیت لی

اتوار 18 فروری 2018 19:20

لاہور۔18 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2018ء) پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام پانچویں سروسز ٹائرز 15 سائیڈ لیگ پاکستان آرمی نے جیت لی۔ آخری میچ میں اسلام آباد جنز نے آرمی کو 11-7 سے ہرا دیا مگر آرمی کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 21 پوائنٹس کے بعد پہلی پوزیشن پر رہی ۔ اسلام آباد جنز کی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔میچ دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی بڑی تعداد گرائونڈ میں موجود تھی ۔

اس موقع پر مہمان خصوصی سرپرست پاکستاان رگبی یونین لیفٹیننٹ جنرل (ر) اشرف سلیم ، چیئرمین پاکستان رگبی یونین فوزی خواجہ ، جنرل مینجر مارکیٹنگ سروس ٹائرز رانا سعید، طارق نیازی، یحییٰ بھٹی، شکیل احمد ملک، فیضان،حاجی انوار سمیت کھلاڑیوں کی ایک بڑی تعداد میدان میں موجود تھی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام سروس ٹائرز 15 سائیڈ لیگ چھ ماہ تک جاری رہی۔

تین ڈویژن میں 24 ٹیمیں آپس میں مدمقابل رہیں۔ ڈویژن ون ٹاپ ڈویژن میں ہر ٹیم نے آٹھ آٹھ میچز کھیلے جن میں پاکستان آرمی،اسلام آباد جنز، لاہور رگبی فٹ بال کلب، لاہور ہاکس اور لودھراں کی ٹیمیں شامل ہیں۔آرمی کی ٹیم نے آٹھ میچ کھیلے جن میں سے سات جیتے اور ایک میں شکست ہوئی۔ اس طرح 21 پوائنٹس کے ساتھ لیگ کی فاتح رہیں۔ اسلام آباد کی ٹیم نے 8 میچز میں سے چھ جیتے اور دوسرے نمبر پر رہیں۔

تیسرے نمبر پر لاہور رگبی فٹ بال کلب کی ٹیم رہی جس نے آٹھ میچ میں سے پانچ جیتے اور 15 پوائنٹس حاصل کیے ۔چوتھے نمبر پر لاہور ہاکس رگبی کلب رہا جس نے آٹھ میں سے دو میچز جیتے جبکہ لودھراں کی ٹیم کوئی بھی میچ نہ جیت سکی۔ گزشتہ روز آخری میچ میں اسلام آباد جنز نے آرمی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 11-7 سے ہرا دیا۔ یہ آرمی کی ٹورنامنٹ میں پہلی شکست تھی۔ اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) اشرف سلیم اور جنرل مینجر مارکیٹنگ سروس ٹاائرز رانا سعید نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

متعلقہ عنوان :