پنجاب بھر میں میٹرک کے امتحانات کل سے شروع ہونگے،

9تعلیمی بورڈ میں کل 25لاکھ طلبا وطالبات شریک ہونگے

بدھ 28 فروری 2018 20:27

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2018ء) لاہورسمیت پنجاب بھر میںمیٹرک کے امتحانات کل سے شروع ہونگے،صوبہ بھر کے 9تعلیمی بورڈ میں کل 25لاکھ طلبا وطالبات ا متحان میں شریک ہونگے،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پرچھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں، امتحانی مراکز کی حدود میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔چیئرمین لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور چوہدری اسماعیل نے اے پی پی کوبتایا کہ رواں سال لاہور بورڈ کے زیر ا ہتمام میٹرک کے ا متحانات میں4لاکھ 98ہزار679امیدوار شرکت کریں گے ، امیدواروں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر امتحانی سنٹرز میں اضافہ کیا جارہاہے،سوشل میڈیا کے ذریعے پیپرز کی لیکیج کو روکنے کیلئے جدید سسٹم متعارف کروایا جارہا ہے،میٹرک کے امتحانات کیلئے 812امتحانی سنٹرز تشکیل دئیے گئے ہیں،جہاں پر 812سپرنٹنڈنٹس،845ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس اور4980اساتذہ پر مشتمل امتحانی عملہ تعینات کیاجائیگا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ امتحانات کے شفاف انعقاد کیلئی22 سپیشل موبائل ٹیمیں ،153ڈسٹربیوٹنگ انسپکٹر،18چیئرمین سکواڈ اور213موبائل انسپکٹرزتعینات کئے گئے ہیں،ضلعی سطح پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ سکواڈ سمیت تمام سیکرٹریز ،کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرزکو بھی امتحانی سنٹرز میں انسپکشن کیلئے خط لکھ دئیے گئے ہیں۔انہوںنے بتایا کہ لاہور بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں مرکزی کنٹرول روم بنایا گیا ہے اور ڈسٹرکٹ لیول پر ر ایک ایک کنٹرول روم سی ای اوایجوکیشن کے دفتر میں بھی قائم کردیا گیا ہے نیز تمام امتحانی عملہ پر واضح کردیاگیاہے کہ اگر کسی جگہ نقل کی شکایت ملی تو متعلقہ عملہ کو بلیک لسٹ کرنے سمیت ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

چیئرمین لاہور بو رڈ نے بتایا کہکنڈکٹ ڈیپارٹمنٹ کو بالکل فیئر اینڈ فری اوربین الاقوامی معیارکے مطابق بنانے پر کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ انشائیہ کی مارکنگ میں بھی مزید بہتر بنایا جائیگا نیزخودکارنظام کو مزید آگے بڑھایا جائیگا۔انہوںنے بتایا کہ میٹرک اور انٹر کے امیدواروں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر رواں سال سے امتحانی سنٹرز میں اضافہ کیا جارہا ہے اور سہولیات میں بھی مزیدبہتری لائی جائیگی جبکہ امتحانی عملے کی کمی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے بورڈ قوائد کے مطابق تعلیمی ادارے بچوں کے تناسب سے سٹاف بھیجنے کے پابند ہونگے،جس کے تحت امیدواروں کے داخلے کیساتھ سٹاف کی لسٹ بھی بھجوائی جائیگی،جہاں سیکروٹنی کے بعد امتحانی عملہ تعینات کیا جائیگا۔

چوہدری اسماعیل نے بتایا کہ امتحانی نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے کیلئے مارکنگ نظام کومزید بہتر بنانے کیساتھ ساتھ مارکنگ سنٹرز کوبھی جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جائیگا،مارکنگ سنٹر کا انچارج متعلقہ کالج پرنسپل ہو گا ،جو ریذیڈنٹ انسپکٹر کے طورپرکام کریگا،طلبا وطالبات کی شکایات کے ازالے اور امتحانی نظام کومزید شفاف بنانے کیلئے ون ونڈو آپریشن پر کام شروع کردیا گیا ہے۔

انہوںنے بتایاکہ ہر امتحانی سنٹر پر بورڈ کی جانب سے ایک سکیورٹی تعینات کیا گیاہے جبکہ متعلقہ تھانوں کے پولیس اہلکار بھی امتحانی مراکز پر ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔انہوںنے بتایاکہ سکیورٹی گارڈز اسلحہ سے لیس اور میٹل ڈیٹیکٹرز سے آراستہ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ امتحانات کے شفاف انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔دریں اثناء حکومتی ہدایات کی روشنی میںتمام تعلیمی بورڈزکے امتحانی مراکز کی حدود میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کانفاذ کردیاگیاہے جس کے تحت کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو امتحانی مرکز کی 100گز کی حدود میں داخلے کی اجازت نہ ہو گی اسی طرح امتحان دینے والے طلباء وطالبات امدادی مواد ، کتب ، گائیڈز ، نوٹس ، ڈیجیٹل ڈائریاں ، موبائل فون وغیرہ ہمراہ نہیں لے جاسکیں گے ۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ تعلیم پنجاب سمیت حکومت پنجاب نے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جوآج یکم مارچ بروز جمعرات سے شروع ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحان میں بوٹی مافیا کی بیخ کنی کیلئے فوری اقدامات کریں گی۔

متعلقہ عنوان :