چیئرمین سینٹ ، مسلم لیگ ن کا اسحاق ڈار کے نام پر غور شروع

’ایک پنگا اور سہی ‘‘نواز شریف کو ہم خیال رفقاء نے مشورہ دیدیا ،شہباز شریف سمیت اہم لیگی رہنمائوں نے چپ ساد ھ لی

پیر 5 مارچ 2018 20:19

چیئرمین سینٹ ، مسلم لیگ ن کا اسحاق ڈار کے نام پر غور شروع
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مارچ2018ء) پاکستان مسلم لیگ نواز نے چیئرمین سینٹ کے لیے کرپشن میں ملوث اور نیب کو مطلوب ملزم اسحاق ڈار کے نام پر غور شروع کر دیا ہے ۔’’ایک پنگا اور سہی ‘‘نواز شریف کو ہم خیال رفقاء نے مشورہ دیدیا ہے ۔شہباز شریف سمیت اہم لیگی رہنمائوں نے چپ ساد ھ لی ہے۔انتہائی معتبرذرائع سے معلوم ہو اہے کہ چیئرمین سینٹ کے لیے پاکستان مسلم لیگ نے ایک بار پھر حیران کر دینے والے ایسے امیدوار کو سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے کہ عدالتوں کے ذریعہ پتہ کاٹا گیا تو آئندہ الیکشن مہم میں جان آ جائیگی۔

نواز شریف کو انتہائی قریبی اور ہم خیال دوستوں نے مشورہ دیا ہے کہ پرویز رشید کو اگر چیئرمین سینٹ کے لیے نامزد کیا گیا تو وہ پاکستان تحریک انصاف کے بدترین دشمن کہلاتے ہیں اور اس حوالے سے پی ٹی آئی اس کو راستہ سے ہٹانے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی سے اتحاد کر سکتی ہے ،راجہ ظفر الحق کا نام قدرے موضوع ہے جبکہ مشاہد حسین سید کو پارٹی کے اندر سینئر ارکان پسند نہیں کر تے ہیں ،مشورہ میں اسحاق ڈار کے نام پر غور کیا گیا کہ اسحاق ڈار کو چیئرمین سینٹ اگر نامزد کر دیا جائے تو زیادہ بہتر ہو گا،نواز شریف کو بتایا گیا کہ اسحاق ڈار کے خلاف اگر نیب نے فیصلہ دیدیا تو پھر ایک مضبوط کارڈ جماعت کے پاس آجائیگا کہ وزیر اعظم کے بعد چیئرمین سینٹ کو بھی نااہل کر دیا گیا جو کہ آئندہ الیکشن مہم میں بہت کارگر ثابت ہو سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں محمد نواز شریف نے شہباز شریف سے مشاورت کا عندیہ دیا ہے اور رفقاء کی بات کو رد نہیں کیا انہوںنے یقین دہانی کرائی ہے کہ تجویز اچھی اور اس پر غور کیا جاسکتا ہے کہ اس سے بڑی مظلومیت اور کیا ہو سکتی ہے کہ عوام کو بتایا جائے گا کہ منتخب وزیر اعظم اور چیئرمین سینٹ کو نااہل کر کے اڑا دیا گیا اور یہ ایک مضبوط کارڈ ہو گا جو کہ الیکشن مہم کھیلا جا سکتا ہے۔