ہیلتھ کیئر کمیشن کے چیف انسپکٹر فیصل خان کا افغان مہاجر کمپ کا دورہ

ڈاکٹر زیب الله کلینک رجسٹرڈ نہ ہونے پر سیل

جمعرات 8 مارچ 2018 11:19

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2018ء) خیبر پختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن کے چیف انسپکٹر فیصل خان نے سینئر انسپکٹر ہری پور سعیدالرحمن کے ہمرا ہ ہری پور میں افغان مہاجر کمپ نمبر 15 اور 16 اور موضع جب پنڈ کمال خان کا اچانک دورہ کیا جہاں بعض کلینکس اور ڈاکٹر خیبر پختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2015ء کی خلا ف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔

کمیشن کے انسپکٹروں نے کیمپ نمبر 10 اور 15 کے بازاروں میں ڈاکٹر زیب الله کلینک کو ہیلتھ کمیشن میں رجسٹرڈ نہ ہونے پر مقفل کر کے سیل کر دیا۔ کلینک کا ڈاکٹر بھی پی ایم ڈی سی کی رجسٹریشن کے بغیر ایلوپیتھی پریکٹس کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ پنڈ کمال خان میں چیکنگ کے دوران ہارون کلینک کو بھی ہیلتھ کیئر کمیشن کی رجسٹریشن نہ ہونے کے باعث سیل کر دیا گیا اور کلینک میں محمد ہارون نامی نان کوالیفائیڈ شخص بھی ڈاکٹر کی حیثیت سے پریکٹس کرتے ہوئے پایا گیا۔

(جاری ہے)

ہیلتھ انسپکٹروں نے چیکنگ کے دوران ہارون کلینک سے استعمال شدہ سرنجیں اور انجکشن بھی برآمد کر لئے، اس گائوں میں کوثر مسعود نامی شخص کی ملکیت الکوثر ہومیو کلینک بھی پایا گیا جو کمیشن کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں تھا۔ دریں اثناء انسپکٹروں نے کیمپ نمبر15 میں محسن بلا ل نامی شخص کی ملکیت سمائل ڈینٹل کلینک کو بھی غیر قانونی قرار دیا۔ ان کلینکس کو رجسٹریشن اور ضابطہ کی دیگر کاروائیاں پوری کرنے کا نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔