جہلم میں متعدد چنگ چی رکشہ جات بغیر رجسٹریشن و روٹ چل رہے ہیں، یہ جہلم کی مصروف شاہراہوں پر کھڑا ہو کر ٹریفک کے معمول کو خراب کررہے ہیں۔ ڈی ایس پی ٹریفک جہلم

Tariq Majeed Khokhar طارق مجید کھوکھر پیر 13 مئی 2024 18:24

جہلم میں متعدد چنگ چی رکشہ جات بغیر رجسٹریشن و روٹ چل رہے ہیں،  یہ جہلم ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2024ء) جہلم میں متعدد چنگ چی رکشہ جات بغیر رجسٹریشن و روٹ چل رہے ہیں، جبکہ ان کی تعداد جہلم شہر کی آبادی سے بہت زیادہ ہے اور یہ جہلم کی مصروف شاہراہوں پر کھڑا ہو کر ٹریفک کے معمول کو خراب کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈی ایس پی ٹریفک جہلم زبیر اختر بھدر نے آج صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلا شبہ ہمارا ٹریفک سٹاف جس کی ضلع جہلم میں 222 کی منظوری ہے جبکہ اس وقت صرف 108 ٹریفک سٹاف کام کر رہا ہے۔

جبکہ اس ضمن میں ہم نے اعلیٰ پولیس احکام کو آگاہ کیا ہوا ہے اور ٹریفک سٹاف کے لیے بھرتیاں ہو رہی ہیں۔ جس سے یہ کمی پوری ہو جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ جہلم میں اس وقت چنگ چی رکشہ جات کے لیے اڈے اور پارکنگ کا نظام بہتر بنانا بہت ضروری ہے جس میں میونسپل کمیٹی کو پارکنگ کے لیے جگہ دینے کا انتظام کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے تمام نوجوانوں، خواتین اور افراد کو چوبیس گھنٹے کی سہولت کے ساتھ لائسنس کی فراہمی کے لیے جو قدم اٹھایا ہے اس پر ہم دن رات خدمت مرکز میں کام کر رہے ہیں۔

جبکہ تمام لائسنس قانون و ضوابط کے مطابق میرٹ پر بنائے جا رہے ہیں۔ کیونکہ سال 2023 میں کل 6840 لائسنس بنائے گئے جس سے 57 لاکھ، 40 ہزار ریوینو حکومت کو موصول ہوا۔ اسی طرح 2024 میں اب تک 3000 لائسنس کا اجراء ہو چکا ہے جس سے حکومت کو 96 لاکھ 35 ہزار کا مالی ریوینو ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم میں سفارش اور کرپشن کا کلچر ختم کر کے ٹریفک سٹاف اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے۔

جس کا نتیجہ 2023 میں 9658 چالان کیے گئے اور محکمہ کو 3275700 روپے کا ریوینو حاصل ہوا۔ اسی طرح 2024 میں اب تک 14000 چالان کیے گئے اور محکمہ کو 6260750 روپے کا ریوینو حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ میں اکثر اپنے سٹاف کو خود مانیٹر کرتا ہوں اور کرپشن کے ضمن میں اگر کسی کو کوئی شکایت ہے تو وہ میرے دفتر آئے، ثابت ہونے پر زمہ دار کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔