لیاری میں رینجرزکی گاڑی پر حملے سے ایک سپاہی شہید اورتین اہلکار زخمی ،

ایک حملہ آور مارا گیا، رات گئے رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا

بدھ 14 مارچ 2018 14:27

لیاری میں رینجرزکی گاڑی پر حملے سے ایک سپاہی شہید اورتین اہلکار زخمی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) لیاری میں رینجرزکی گاڑی پر حملے سے ایک سپاہی شہید اورتین اہلکار زخمی ہوگئے،ایک حملہ آور مار اگیا جبکہ رات گئے رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پولیس نے مشترکہ کارروائی کی، کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق لیاری کے علاقے بغدادی کے علی محمد محلہ میں کمیلہ اسٹاپ کے قریب دہشت گردوں نے علاقے میں گشت کرنے والی رینجرز کی گاڑی پر دستی بم پھینکا اور اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں4 اہلکار فواد حسین، محمد بوٹا، سیف اللہ اور عبدالرب شدید زخمی ہوئے جبکہ رینجرز کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور مارا گیا، زخمیوں کوفوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج سپاہی فواد حسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا،ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول،ہینڈ گرنیڈ،3 آوان بم برآمد کرلئے گئے،اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ،رینجرز اور پولیس نے رات گئے لیاری میں علی محمد محلہ کے زکری پاڑہ کو گھیرے میں لے کرسرچ آپریشن کیا،اس دوران تمام داخلی وخارجی راست بند کردئیے گئے اور کسی کو علاقے میں جانے یا باہر آنے کی اجازت نہیں تھی،آپریشن کے دوران اہلکاروں کا ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا،ترجمان رینجرز کے مطابق لیاری میں کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کے قبضے سے 4 کلاشنکوفیں برآمد ہوئی ہیں،پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار میں ملوث گروہ سے ہے تاہم ملزمان کی شناخت نہیں ہوسکی۔