بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، نوجوانوں کو بہتر مواقع کی فراہمی سے ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جا سکتاہے،آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم کا سرداربہادر خان ویمن یونیورسٹی میں یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب سے خطاب

منگل 20 مارچ 2018 14:50

کوئٹہ۔20مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2018ء) آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم نے کہا ہے کہ بلو چستان کے غیور عوام نے پاکستان کے قیام ،ترقی اور خوشحالی کیلئے بڑی کا وشیں کی ہیں اور ایف سی بلو چستان کے عوام کی ان خدمات پر فخر محسوس کرتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرداربہادر خان ویمن یونیورسٹی میں 23مار چ یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے استحکام میں بلوچستان کے عوام کی قربانیاں قابل قدر ہیں تحریک پاکستان کے دوران بلوچستان کے سیاسی وقبائلی رہنمائوں اور زعمانے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا بھر پور ساتھ دیا اور مملکت خداداد کو انگریزوں کی غلامی سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کیا اور ہمیں اس بات پر اللہ تعالیٰ کا شکرادا کرناچاہیے کہ ہم آج ایک آزاد ملک کی فضائوں میں سانس لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادی کی قدر ان قوموں سے پوچھیں جوآج بھی غلامی کی زندگی بسر کررہی ہیں جبکہ پاکستان آج ایک آزادمملکت کی حیثیت سے تیزی سے ترقی کی منازل طے کررہاہے جوکہ پہلے ہمارے لئے ایک خواب تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قیمتی معدنیات ،مختلف موسموں کے علاوہ بہترین جغرافیائی محل وقوع کا حامل خطہ ہے اورقدرت نے ہمیں باصلاحیت افرادی قوت سے بھی نوازا ہے۔

آئی جی ایف سی نے کہا کہ بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت اس بات ہے کہ یہاں کے نوجوانوں کو بہتر مواقع کی فراہمی سے انکی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جا سکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ بلو چستان کے لوگ امن پسند اور محب وطن پاکستان ہیں جن پر ہمیں فخر ہے۔ آئی جی ا یف سی نے اس موقع پر کہا کہ انہیں سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی آکر دلی خوشی محسوس ہورہی ہے یہاں کثیر تعداد میں زیر تعلیم طالبات کو دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابسطہ ہے اور وہ جب ان نوجوانوںطلبہ وطالبات کو دیکھتے ہیں توان کا حوصلہ اور اعتماد مزید بڑھ جاتا ہے ۔جس قوم کی بٹیاںاتنی باصلاحیت اور نڈر ہوں اسے دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتا ۔ آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد انجم نے کہا کہ فرنٹیئر کور صوبے کے دوردراز اور پسماندہ علاقوں میں 93 اسکول و کالجز اور ہاسٹلز کے ذریعے تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔

صوبے کے سینکڑوں ہونہار و قابل طلباء و طالبات ایف سی اسکالر شپ پر ملک کے اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کی 20 ہونہار طالبات کو ایف سی کی جانب سے اسکالر شپ مل رہی ہے جسے انہوں نے 20 سے بڑھا کر 50 کرنے کا اعلان کیا تاکہ صوبے کی مزید 30 بچیاں اعلی تعلیم حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کی کامیابی وکامرانی میں یہاں کی طالبات کا لہوبھی شامل بھی ہے۔

انہوں نے یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ جبین کی علمی قابلیت اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت سے یونیورسٹی تیزی سے ترقی کی منازل طے کررہی ہے اور یہاں طالبات کی تعداد تقریباً9ہزار تک جاپہنچی ہے اور انہیں امید ہے وائس چانسلر کی قیادت میں کامیابی کا یہ سفر جاری رہے گا۔ تقریب سے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر رخسانہ جبین نے بھی خطاب کیا ۔