محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے بورڈ آف فیکلٹی کے اجلاس میں نئے ڈگری پروگرامز کی منظوری

منگل 20 مارچ 2018 16:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2018ء) محمدعلی جناح یونیورسٹی کراچی کے بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ سوشل سائینسز فیکلٹی کے بورڈ آف فیکلٹی کے گزشتہ شام ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر شجاعت مبارک کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں اگلے سال کی پہلی سہ ماہی سے تین نئے ڈگری پروگرام بی ایس (میڈیا سائینس) بی ایس (معاشیات) اور ایم بی اے (ہیلتھ سائینسز) شروع کرنے کی سفارشات یونیورسٹی کی اکیڈمک کونس کی منظوری کے لئے بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں ایم بی ای(پروفیشنل) کے بعد بی بی ایس(پرفیشنل) کا تعلیمی پروگرام شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا جس کے نصاب کی تیاری کے لئے کمیٹی قائم کی جائے گی۔اجلاس میں اسلامک بنکنگ اور سپلائی چین مینجمنٹ کے ماسٹرز ڈگری پروگرام کی اہمیت کے پیش نظر یہ ڈگری پروگرام شروع کرنے سے قبل اسلامک بنکنگ کا پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرام شروع کرنے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مجلس ڈاکٹر شجاعت مبارک نے کہا کہااگلے سیمسٹر کے لئے داخلے شروع ہونے کے موقع پر ایم بی اے (ایگزیکٹیو) کے دو سالہ ڈگری پروگرام پر بھی توجہ دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ گریجویشن کرنے کے بعد چار سے پانچ برس تک کام کرنے کا تجربہ رکھتے ہوں ان کو اس ماسٹرز ڈگری پروگرام میں داخلے دئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بزنس ھاوسز میں مینیجر کی پوزیشن میں خواہشمند افراد کے لئے بی ایس (اکنامکس) کا ڈگری پروگرام بہت بہتر ثابت ہوسکتا ہے۔

ڈاکٹر شجاعت مبارک نے کہا کہ اس وقت ملک بھر کی جامعات میں بی ایس میڈیا سائینسز سب سے زیادہ مقبول ڈگری پروگرام سمجھا جاتا ہے لہذا ہم کو بھی اس کا ایک بہترین نصاب وقت کے تقاضوں کے پیش نظر رکھ کر مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ماجو کے ڈائیرکٹر کوالٹی انہانسمینٹ سیل ڈاکٹر منیر حسین نے مشورہ دیا کہ بی ایس (میڈیا سائینس )کے نصاب میں پرسنالٹی ڈیویلپمنٹ اور پرنسپل آف سوشیالوجی کے مضامین بھی شامل کئے جائیں تاکہ اس کا نصاب بہتر بنایا جاسکے۔

۔ماجو کی بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ سوشل سائینسز فیکلٹی کے بورڈ آف فیکلٹی کے اجلاس میں جن اراکین نے شرکت کی ان میں ڈاکٹر کامران عظیم،ڈاکٹر رضوان الحسن، ڈاکٹر عزیز الرحمان سیفی، ڈاکٹر ایس ایم نعمان،ڈاکٹر طاہر الاسلام،ڈاکٹر منیر حسین اور آصف ناجی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :