سردرد، ذہنی دبائو، بے خوابی پر فوری ماہر نفسیات سے رجوع کریں ،جویریہ کلثوم

ہفتہ 24 مارچ 2018 11:49

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2018ء) سائیکالوجیکل وائلنس کلینک کے زیر اہتمام دوسرے فری مینٹل ہیلتھ کیمپ میں ذہنی دبائو کا شکار200 سے زائد مرد وخواتین اور طلباء کا معائنہ کیا گیا،کیمپ پی ڈی اے بلڈنگ کے احاطہ ماہر نفسیات جویریہ کلثوم ، خضرہ اور پی ڈی اے آفیسر میجر خالد کی نگرانی میں منعقد کیاگیا، ذہنی امراض کے حوالے سے جویریہ کلثوم نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں ذہنی دبائو کو پاگل پن کی علامت نہیں بلکہ ایک مرض سمجھا جاتا ہے اور ایسے مریض کو فوری طور ماہر نفسیات کے پاس لے جایا جاتا ہے تاہم بدقسمتی سے ہمارے ملک میں شعور نہ ہونے کے باعث عام تاثر یہی ہے کہ ماہر نفسیات صرف پاگل پن کا علاج کرتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوام سردرد اور ذہنی دبائو یا بے خوابی کو معمولی نہ سمجھیں بلکہ فوری ماہر نفسیات سے رجوع کریں اور سہل علاج کی بدولت ایک صحت مند زندگی بسر کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو بچے تعلیم میں دلچسپی نہیں لیتے یا وہ والدین اوراساتذہ سے ہٹ دھرمی سے پیش آتے ہیں ایسے بچوں کا بھی چند سیشنز کی بدولت اچھے ماحول اور پڑھائی کی طرف رحجان لانا ممکن ہے۔ ماہر نفسیات جویریہ کلثوم نے واضح کیا کہ ذہنی بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے اور یہ شوگر اور کینسر سے بھی خطرناک صورت اختیار کر سکتی ہے تاہم بروقت علاج سے اس کی روک تھام سو فیصد ممکن ہے۔