کوہاٹ پولیس نے 2 مختلف کاروائیوں میں لاکھوں روپے مالیت کی منشیات کی پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی

جمعرات 12 اپریل 2018 21:19

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2018ء) کوہاٹ پولیس نے انڈس ہائی وے پر 2مختلف کاروائیوں میں لاکھوں روپے مالیت کی چرس کی پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔مسلم آباد چیک پوسٹ پر تلاشی کی کاروائی میںچرس سے بھری گاڑی پکڑ کر منشیات کے بین الصوبائی سمگلر کو گرفتار کرلیا گیاہے جبکہ ٹنل ٹول پلازہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ میں تلاشی کے دوران مسافر گاڑی سے منشیات سمگلر کو چرس کی بھاری کھیپ سمیت حراست میں لیا گیا ہے۔

دونوں کاروائیوں میں پکڑی گئی منشیات قبائلی علاقہ خیبر ایجنسی سے پنجاب منتقل کی جارہی تھی۔ ڈی ایس پی صدر ظاہر شاہ کے مطابق قبائلی علاقہ سے کوہاٹ انڈس ہائی وے کے راستے منشیات کی بھاری کھیپ پنجاب منتقل کرنے کے حوالے سے ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کو ملنے والی خفیہ اطلاعات پرکامیاب کاروائیاں کرتے ہوئے پولیس نے 2مختلف مقامات پر لاکھوں مالیت کی چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی کے بقول پہلی کاروائی کوہاٹ انڈس ہائی وے پر مسلم آباد چیک پوسٹ کے قریب عمل میں لائی گئی جہاں ایس ایچ او تھانہ جرماسب انسپکٹر وقار احمد نے پولیس نفری کے ہمراہ ناکہ بندی کے دوران خیبر ایجنسی سے پنجاب جانیوالی ایک مشکوک فلائنگ کوچ نمبر E-7475کو تلاشی کی غرض سے روک لیا۔تلاشی کے دوران پولیس نے فلائنگ کوچ کے خفیہ خانوں میں نہایت مہارت سے چھپائی گئی مجموعی طور پر 15کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے کوچ میں سوار بین الصوبائی منشیات سمگلر نیٹ ورک کے رکن عبدالمنان ولد موسیٰ خان سکنہ باڑا خیبر ایجنسی کو گاڑی سمیت گرفتار کر لیا۔

پولیس نے چرس سے بھری گاڑی سمیت گرفتارمنشیات سمگلر کو فوری طور پر تھانہ جرما منتقل کردیا جہاں ان کے خلاف چرس کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ادھر کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ایک دوسری کاروائی میں ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید اسلام الدین نے پولیس نفری کے ہمراہ ٹنل ٹول پلازہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ میں تلاشی کی غرض سے روکے جانیوالے مسافر فلائنگ کوچ سے منشیات کے بین الصوبائی سمگلر واحد اللہ ولد عنایت اللہ سکنہ سربند پشاور کو ساڑھے 6 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس سمیت حراست میں لے لیاجسکے خلاف تھانہ محمد ریاض شہید میں منشیات سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ڈ ی ایس پی ظاہر شاہ کے مطابق دونوں کاروائیوں میں پکڑی گئی منشیات قبائلی علاقہ خیبر ایجنسی سے پنجاب سمگل کی جارہی تھی جس کا گرفتار منشیات سمگلروں نے ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران اعتراف کرلیا ہے۔

متعلقہ عنوان :